کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 3) - صفحہ 90
قربانی کے خون کا کپڑوں پر لگنا سوال:اگر کپڑوں کو قربانی کا خون اور اس کا پیشاب لگ جائے تو کیا ان کپڑوں میں نماز پڑھی جا سکتی ہے؟ جواب:قربانی کو ذبح کرتے وقت جو خون تیزی سے نکلتا ہے جسے دم مسفوح کہا جاتا ہے اگر یہ خون کپڑوں کو لگا ہو اہے تو اس کی موجودگی میں نماز نہیں ہوتی ہے کیونکہ قرآن کریم نے اسے حرام کہا ہے، اس کے علاوہ اگر خون لگا ہے تو اس میں نماز پڑھی جا سکتی ہے، اسی طرح جن جانوروں کا گوشت کھایا جاتا ہے ان کا پیشاب پلید نہیں ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چند لوگوں کو اونٹنیوں کا دودھ اور پیشاب پینے کا حکم دیا تھا جبکہ وہ مدینہ کی آب و ہوا سے بیمار ہو گئے تھے۔[1] اگر یہ حرام یا نجس ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسے بطور دوا استعمال کرنے کی اجازت نہ دیتے۔ کیونکہ حرام چیزوں میں شفا نہیں ہوتی جیسا کہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کا قول ہے، اللہ تعالیٰ نے تمہاری شفا ان چیزوں میں نہیں رکھی جنہیں تم پر حرام کیا ہے۔‘‘ [2] رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جن لوگوں کو اونٹوں کا پیشاب پینے کا کہا تھاانہیں اس سے شفا ہوئی جو کہ اس کی حلت اور طہارت کے لیے کافی ہے۔ اس لیے اگر کپڑوں کو قربانی کا پیشاب وغیرہ لگا ہو تو اس میں نماز پڑھی جا سکتی ہے۔ عورتیں مردوں کی طرح سجدہ کریں سوال:سجدہ کرنے کا کیا طریقہ ہے، کیا سجدہ کرتے وقت ہاتھ پہلے رکھے جائیں یا گھٹنے، نیز مرد اور عورت کے سجدہ میں کوئی فرق ہے تو اس کی وضاحت کریں؟ جواب:سجدے کی حالت میں بندہ اپنے رب کے بہت قریب ہوتا ہے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’بندہ اپنے رب کے بہت زیادہ قریب سجدے کی حالت میں ہوتا ہے لہٰذا تم سجدہ کی حالت میں بکثرت دعا کیا کرو۔‘‘ [3] اس لیے نمازی کو چاہیے کہ سجدہ کو نہایت آداب اور سنت طریقہ کے مطابق ادا کرے، اس کی کیفیت احادیث کے مطابق درج ذیل ہے: سجدہ کے لیے جھکتے وقت پہلے دونوں ہاتھ زمین پر رکھے جائیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’جب تم میں سے کوئی سجدہ کرے تو اونٹ کی طرح نہ بیٹھے اور اپنے ہاتھ گھٹنوں سے پہلے رکھے۔‘‘ [4] ٭ سجدہ کرتے وقت سات اعضاء کو زمین پر لگانا چاہیے، چہرہ، دونوں ہاتھ، دونوں گھٹنے اور دونوں پاؤں۔[5] چہرے میں ناک اور پیشانی دونوں شامل ہیں۔ [6] ٭ دوران سجدہ دونوں ہاتھ زمین پر اور کہنیاں زمین سے اٹھی ہوئی ہوں جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا: ’’جب تم سجدہ کرو تو اپنی دونوں ہتھیلیوں کو زمین پر رکھو اور اپنی دونوں کہنیوں کو زمین سے اونچا رکھو۔‘‘[7]
[1] صحیح بخاری، الوضوء:۳۳۳۔ [2] ابوداود، الطب:۳۸۷۰۔ [3] صحیح مسلم، الصلوٰۃ: ۴۸۲۔ [4] ابوداود، الصلوٰۃ:۸۴۰۔ [5] صحیح مسلم، الصلوٰۃ: ۴۹۱۔ [6] صحیح بخاری، الاذان:۸۱۲۔ [7] مسند امام احمد،ص:۲۸۳،ج۴۔