کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 3) - صفحہ 62
خیال نہیں کرتے حالانکہ یہ طرز عمل کتاب وسنت کے خلاف ہے۔ (واﷲ اعلم) غسل جنابت کے لیے پانی نہ ملنا سوال:اگر کوئی انسان حالتِ جنابت میں ہو اور اسے پانی دستیاب نہ ہو تو اسے کیا کرنا چاہیے، کیا ایسی حالت میں تیمم کر کے نماز پڑھی جا سکتی ہے؟ جواب:جب انسان جنبی ہو تو اس پر غسل واجب ہو جاتا ہے ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ اِنْ كُنْتُمْ جُنُبًا فَاطَّهَّرُوْا١ ﴾ [1] ’’اگر تمہیں جنابت لاحق ہو تو غسل کر کے پاک ہو جایا کرو۔‘‘ اگر پانی دستیاب نہ ہو یا اس کے استعمال سے کسی نقصان کا اندیشہ ہو تو تیمم سے کام چلایا جا سکتا ہے، قرآن کریم میں اس کی صراحت ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَاِنْ كُنْتُمْ مَّرْضٰۤى اَوْ عَلٰى سَفَرٍ اَوْ جَآءَ اَحَدٌ مِّنْكُمْ مِّنَ الْغَآىِٕطِ اَوْ لٰمَسْتُمُ النِّسَآءَ فَلَمْ تَجِدُوْا مَآءً فَتَيَمَّمُوْا صَعِيْدًا طَيِّبًا فَامْسَحُوْا بِوُجُوْهِكُمْ وَ اَيْدِيْكُمْ مِّنْهُ١﴾ [2] ’’اور اگر تم بیمار ہو یا سفر میں ہو یا تم میں سے کوئی قضاء حاجت سے فارغ ہوا ہو یا تم اپنی عورتوں سے ہم بستر ہوئے ہو اور تمہیں پانی نہ مل سکے تو پاک مٹی لو اور اس سے منہ اور ہاتھوں کا مسح کر لو یعنی تیمم کر لو۔‘‘ تیمم کرنے سے انسان جنابت سے پاک ہوجاتا ہے اور اس وقت تک پاک رہے گا۔ جب تک اسے پانی نہیں ملتا اور جب اسے پانی مل جائے گا تو اس پر غسل کرنا ضروری ہے، حدیث میں ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو الگ تھلگ دیکھا جس نے لوگوں کے ساتھ مل کر نماز ادا نہیں کی تھی، رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے دریافت کیا: ’’تم نے نماز کیوں نہیں پڑھی؟‘‘ اس نے عرض کیا میں جنابت کی حالت میں ہوں اور یہاں پانی موجود نہیں ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے فرمایا: ’’مٹی کو استعمال کر لو، تمہارے لیے کافی ہے۔‘‘ اس کے بعد پانی مل گیا تو رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے پانی دیتے ہوئے فرمایا: ’’جاؤ اور اسے اپنے اوپر ڈال لو۔‘‘ [3] اس حدیث سے معلوم ہوا کہ تیمم کرنے والے کو جب پانی مل جائے تو اس کے لیے پانی سے طہارت حاصل کرنا ضروری ہے خواہ اس نے جنابت کی وجہ سے تیمم کیا ہو، جنابت سے تیمم کرنے والا اس وقت تک پاک ہے جب تک وہ دوبارہ جنبی نہیں ہوتا یا اسے پانی نہیں ملتا، اگر اسے پانی مل جائے تو اس وقت پانی سے طہارت حاصل کرنا ضروری ہے اور تیمم سے جو عبادات کی ہیں انہیں دوبارہ ادا کرنے کی ضرورت نہیںہے۔ اونٹ کے گوشت سے وضو کرنا سوال:کیا اونٹ کا گوشت کھانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، قرآن وحدیث کے مطابق جواب دیں۔
[1] ۵/المائدۃ: ۶۔ [2] ۵/المائدۃ: ۶۔ [3] صحیح بخاری، التیمم: ۳۴۴۔