کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 3) - صفحہ 409
وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور آپ کے فرمان کو پیش نظر رکھنا چاہیے چونکہ صحیح احادیث میں صرف بھیڑ بکری کا ذکر ملتا ہے لہٰذا عقیقہ میں صرف انہی جانوروں کو ذبح کیا جائے۔ (واللہ اعلم) بغیر سینگ کے جانور قربان کرنا سوال:ہمارے ہاں جو جانور رکھے جاتے ہیں،ان کے جب سینگ نکلنے کے قریب ہوتے ہیں تو تیزاب یا کسی اور کیمیکل کے ذریعے انہیں ختم کر دیا جاتا ہے کیا ایسے جانور کی قربانی جائز ہے؟ جواب:جانور کے سینگ ختم کرنے کی دو صورتیں ہیں، ایک یہ ہے کہ انہیں اگنے سے پہلے ہی کسی کیمیکل وغیرہ سے ختم کر دیا جائے اور دوسری صورت یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اگنے کے بعد انہیں ختم کرایا جائے۔ پہلی صورت میں ایسا جانور قربانی کے لیے ذبح کیا جا سکتا ہے جب کہ دوسری صورت میں ایسا جانور قربانی کے لیے ذبح نہیں کرنا چاہیے جس کے سینگ توڑ دئیے گئے ہوں چنانچہ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے جانور کی قربانی سے منع فرمایا ہے جس کا کان اور سینگ کٹا ہوا ہو۔ [1] لہٰذا ایسے جانور کی قربانی سے اجتناب کرنا چاہیے جس کے سینگ نکل آنے کے بعد ختم کر دئیے گئے ہوں کیونکہ ایسا جانور مذکورہ بالا حدیث کے حکم میں آتا ہے، اگر سینگ اگنے سے پہلے ہی کسی طرح ان کا صفایا کر دیا جائے تو ایسا جانور قربانی کے لیے جائز ہے۔ (واللہ اعلم) حاملہ جانور کی قربانی سوال:حاملہ جانور کی قربانی کے متعلق کیا حکم ہے، اگر معلوم ہو کہ اس کے پیٹ میں بچہ ہے تو کیا ایسا جانور قربانی کے لیے ذبح کیا جا سکتا ہے؟ جواب:حاملہ جانور کو بطور قربانی ذبح کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جانور کے پیٹ میں بچے کے متعلق دریافت کیا تو آپ نے فرمایا: ’’اگر تم چاہو تو اسے کھا سکتے ہو، ہم نے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ہم اونٹنی، گائے اور بکری ذبح کرتے ہیں تو ہم اس کے پیٹ میں بچہ پاتے ہیں، کیا ہم اسے پھینک دیں یا اسے کھا لیں؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر تم چاہو تو اسے کھا سکتے ہو کیونکہ اس کا ذبح، اس کی ماں کا ذبح کرنا ہی ہے۔‘‘[2] اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حاملہ جانور خواہ اونٹنی ہو یا گائے یا بکری اسے قربانی کے لیے ذبح کیا جا سکتا ہے۔ نیز اس کی ممانعت کے متعلق کوئی حدیث کتب حدیث میں مروی نہیں ہے۔ (واللہ اعلم) اونٹ کیسے نحر کیا جائے؟ سوال:قرآن و حدیث کی روشنی میں اونٹ ذبح کرنے کا کیا طریقہ ہے تفصیل سے بیان کریں، ہمارے ہاں اس کے متعلق کچھ اختلاف پایا جاتا ہے۔
[1] ابوداود، الضحایا: ۲۸۰۵۔ [2] ابوداود، الضحایا: ۲۸۲۸۔