کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 3) - صفحہ 408
لیکن یہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کا اپنا قول ہے، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مرفوع حدیث کے مقابلہ میں پیش نہیں کیا جا سکتا، لہٰذا یہ قابل حجت نہیں ہے، علامہ شوکانی نے اس کے متعلق پانچ مذاہب ذکر کیے ہیں پھر اپنا فیصلہ بایں الفاظ لکھا ہے: تمام ایام تشریق ذبح کے دن ہیں اور وہ یوم النحر کے بعد تین دن ہیں۔ [1] واضح رہے کہ پہلے دن قربانی کرنا زیادہ فضیلت کا باعث ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسی پر عمل پیرا رہے ہیں، لہٰذا بلاوجہ قربانی ذبح کرنے میں دیر نہ کی جائے اگرچہ بعض حضرات کا خیال ہے کہ غرباء و مساکین کو فائدہ پہنچانے کے لیے تاخیر کرنا افضل ہے لیکن یہ محض ایک خیال ہے، جس کی کوئی منقول دلیل نہیں ہے، نیز اگر کسی نے تیرہ ذوالحجہ کو قربانی کرنی ہو تو غروب آفتاب سے پہلے پہلے قربانی ذبح کر دے کیونکہ غروب آفتاب کے بعد اگلا دن شروع ہو جاتا ہے۔ عقیقہ کے لیے کون سا جانور بہتر ہے؟ سوال:کیا عقیقہ کے لیے بکری کی جنس ضروری ہے یا گائے، اونٹ بھی عقیقہ کے لیے ذبح کرنا جائز ہے؟ کتاب و سنت کی روشنی میں ہماری راہنمائی فرمائیں۔ جواب:عقیقہ کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ لڑکا ہو تو اس کی طرف سے دو بکریاں اور لڑکی کی طرف سے ایک بکری ذبح کی جائے۔ [2]عربی زبان میں ’’شاۃ‘‘ کا لفظ بھیڑ اور بکری دونوں پر بولا جاتا ہے، اس میں دنبہ بھی شامل ہے، حضرت ام کرز رضی اللہ عنہا سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم پر کوئی ضروری نہیں کہ عقیقہ کے جانور نر ہوں یا مادہ۔‘‘ [3] ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے عقیقہ میں بھیڑ بکری نر مادہ دونوں جائز ہیں، عقیقہ میں گائے یا اونٹ ذبح کرنے کے متعلق جمہور اہل علم کا موقف ہے کہ گائے یا اونٹ ذبح کیا جا سکتا ہے۔[4] جمہور کی طرف سے ایک روایت پیش کی جاتی ہے کہ بچے کی طرف سے اونٹ، گائے اور بکری سے عقیقہ کیا جا سکتا ہے۔ [5] لیکن یہ روایت انتہائی کمزور ہے، اس میں ایک مسعدہ بن یسع نامی راوی، محدثین کے ہاں ضعیف ہے، امام بیہقی فرماتے ہیں کہ اس کی سند میں مسعدہ بن یسع راوی کذاب ہے۔[6] ہمارے رجحان کے مطابق صحیح روایات میں لفظ شاۃ آیا ہے جو بھیڑ اور بکری کو شامل ہے، لہٰذا بہتر ہے کہ عقیقہ کرتے وقت انہی جانوروں پر اکتفا کیا جائے، اونٹ ذبح کرنے کے متعلق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کراہت منقول ہے چنانچہ ام المومنین کے بھائی حضرت عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہا کے ہاں بیٹا پیدا ہوا تو کسی نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہا آپ اپنے بھتیجے کی طرف سے اونٹوں کا عقیقہ کریں، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: ’’اللہ کی پناہ، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے تو ایسا نہیں فرمایا، آپ نے تو شاتان فرمایا ہے، میں تو وہی کام کروں گی جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے۔‘‘ [7] اونٹ کے عقیقہ کے متعلق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے معاذ اللہ پڑھ کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ لہٰذا ہمیں بھی عقیقہ کرتے
[1] نیل الاوطار، ص: ۱۲۵،ج۵۔ [2] جامع ترمذی، الاضاحی: ۱۵۱۳۔ [3] جامع ترمذی، الاضاحی: ۱۵۱۶۔ [4] نیل الاوطار، ص: ۵۰۶،ج۳۔ [5] طبرانی صغیر،ص: ۸۴،ج۱۔ [6] مجمع الزوائد، ص: ۶۱،ج۴۔ [7] بیہقی، ص: ۳۰،ج۹۔