کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 3) - صفحہ 252
لیکن اس کی سند میں عبدالرحمن بن زید بن اسلم نامی راوی ضعیف ہے۔ [1] اس بنا پر یہ قول قابل حجت نہیں ہے، اس وضاحت کے بعد ہمارا رجحان یہ ہے کہ خطیب صاحب کا مؤقف مبنی برحقیقت نہیں بلکہ صحیح روایات کے پیش نظر راجح مؤقف یہ ہے کہ از خود قے آنے سے روزہ فاسد نہیں ہوتا جبکہ دانستہ قے کرنے سے روزہ خراب ہو جاتا ہے، اس کے بعد روزے دار کو اس کی قضا دینا ہو گی۔ (واللہ اعلم) باجماعت نماز تراویح کی حقیقت سوال:ہمارے ہاں نماز تراویح باجماعت ادا کرنے کا بہت اہتمام کیا جاتا ہے جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف تین یا چار دن اس نماز تراویح کو باجماعت ادا کیا ہے، وہ بھی لوگ اتفاق سے جمع ہو گئے تو آپ نے انہیں باجماعت نماز تراویح پڑھائی، ایسی حالت میں اس نماز کے متعلق اس قدر اہتمام چہ معنی دارد؟ جواب:محدثین عظام کا اس امر میں اختلاف ہے کہ نماز تراویح مسجد میں باجماعت ادا کرنا افضل ہے یا گھر میں اکیلے پڑھنا بہتر ہے، ہمارے رجحان کے مطابق نماز تراویح مسجد میں باجماعت ادا کرنا افضل ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی افضل ثابت ہے۔ اگرچہ بعد ازاں آپ نے ان کے فرض ہونے کے اندیشے سے انہیں باجماعت ادا کرنا ترک کر دیا تھا لیکن جب آپ کی وفات کے بعد یہ اندیشہ نہ رہا تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو ایک امام کے پیچھے جمع کر دیا، اس کے بعد یہ عمل آج تک امت میں رائج ہے، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ایک حدیث میں اس کی وضاحت ہے، آپ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن آدھی رات مسجد میں تشریف لے گئے اور وہاں نماز ادا کی، لوگوں نے بھی آپ کی اقتداء میں نماز پڑھی، اگلے دن لوگوں میں اس بات کا چرچا ہوا تو لوگ پہلے سے زیادہ جمع ہو گئے اور انہوں نے رات کے وقت آپ کی اقتداء میں نماز ادا کی۔ اگلی صبح اس امر کا لوگوں میں چرچا ہوا تو تیسری رات اہل مسجد کی تعداد بہت زیادہ ہو گئی، ان تمام حاضرین نے آپ کے ساتھ نماز ادا کی۔ جب چوتھی رات ہوئی تو اس قدر لوگ جمع ہو گئے کہ مسجد کی وسعت تنگ پڑ گئی لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس رات تشریف نہ لائے۔ جب صبح کی نماز کا وقت ہوا تو آپ نے نماز فجر پڑھائی، نماز سے فراغت کے بعد لوگوں سے متوجہ ہو کر فرمایا: ’’آپ حضرات کا شوق و ذوق مجھ سے مخفی نہیں تھا لیکن مجھے اندیشہ تھا کہ مبادا یہ نماز فرض ہو جائے پھر تم لوگ اس کی ادائیگی سے عاجز آجاؤ۔‘‘[2] ایک روایت میں ہے کہ یہ واقعہ رمضان المبارک میں پیش آیا۔ [3] بخاری کی روایت میں ہے کہ ’’پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہو گئی لیکن یہ معاملہ اسی طرح رہا، حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کی خلافت کے دوران بھی معاملہ اسی طرح رہا، حتیٰ کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ابتدائی دور حکومت میں اسی طرح چلتا رہا۔[4] اس کے بعد کیا ہوا اس کی وضاحت ایک دوسری حدیث میں ہے، چنانچہ عبدالرحمن بن عبدالقاری فرماتے ہیں: میں ایک رات حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ساتھ مسجد میں گیا، وہاں دیکھا کہ سب لوگ منتشر و متفرق تھے، کوئی اکیلا نماز پڑھ رہا تھا اور کوئی کسی کے پیچھے کھڑا تھا، یہ دیکھ کر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میرا خیال ہے کہ اگر میں تمام لوگوں کو
[1] میزان الاعتدال،ص: ۵۶۴،ج،۲۔ [2] صحیح بخاری، الجمعۃ: ۹۲۴۔ [3] صحیح بخاری، التہجد: ۱۱۲۹۔ [4] صحیح بخاری، صلوٰۃ التراویح: ۲۰۹۔