کتاب: فتاوی ارکان اسلام - صفحہ 432
ممانعت کے حکم کے مخالفت نہیں ہے کیونکہ اس میں یہ ذکر نہیں ہے کہ عورتیں نقاب پہن لیتی تھیں بلکہ یہ ذکر ہے کہ وہ نقاب کے بغیر اپنے چہرے کو چھپا لیتی تھیں، لہٰذا جب مرد عورتوں کے پاس سے گزریں تو یہ بہت ضروری ہے کہ وہ اپنے چہروں کو پردہ کے ساتھ ڈھانپ لیں کیونکہ اجنبی مردوں سے چہرے کا پردہ واجب ہے، لہٰذا ہم یہ کہتے ہیں کہ نقاب محرم عورت کے لیے مطلقاً حرام نہیں ہے اور افضل یہ ہے کہ وہ اپنے چہرے کو کھلا رکھے، تاہم جب اس کے پاس سے مرد گزریں تو چہرہ چھپانا واجب ہے لیکن وہ نقاب کے بغیر پردہ کرے۔
بھول کر ممنوعات احرام کا ارتکاب کرنے والے کے متعلق حکم
سوال ۴۹۲: جو شخص بھول کر یا ناواقفیت کی وجہ سے کسی ایسے فعل کا ارتکاب کرے جو حالت احرام میں ممنوع ہو تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟
جواب :جب وہ ممنوعات احرام میں سے کسی چیز کا اس وقت ارتکاب کرے، جب اس نے احرام تو پہن لیا ہو لیکن ابھی تک نیت نہ کی ہو تو اس پر کچھ لازم نہیں کیونکہ اعتبار نیت کا ہے، محض احرام کے پہننے کا نہیں اور جب وہ نیت کر لے اور حج یا عمرے میں داخل ہو جائے، پھر بھول کر یا عدم واقفیت کی وجہ سے ممنوعات احرام میں سے کسی چیز کا ارتکاب کرلے تو اس پر کچھ لازم نہیں، البتہ اگر وہ بھول جانے کی وجہ سے کوئی ممنوع کام کر رہا ہو تو اسے یاد دلا دیا جائے اور اگر عدم واقفیت کی وجہ سے کر رہا ہو تو اسے معلوم کروا دیا جائے اس کے بعد اس شخص کے لیے واجب ہے کہ اب وہ اس ممنوع کام کو ترک کر دے۔
اس کی مثال یہ ہے جیسے کوئی محرم بھول کر سلے ہوئے کپڑے پہن لے تو اس پر کوئی چیز واجب نہ ہوگی لیکن جب اسے یاد دلا دیا جائے تو اس کے لیے واجب ہوگا کہ وہ ان کپڑوں کو اتار دے۔ اسی طرح اگر بھول جانے کی وجہ سے اس نے ابھی تک شلوار پہنی ہو اور پھر اسے نیت کرنے اور لبیک کہنے کے بعد یاد آیا ہو تو واجب ہے کہ وہ شلوار کوفوراً اتار دے، اس صورت میں اس پر کوئی کفارہ وغیرہ لازم نہ ہوگا۔ اسی طرح اگر وہ جاہل تھا اور اسے حکم شریعت کا علم ہی نہ تھا تو اس پر بھی کچھ لازم نہ ہوگا، مثلاً: اگر وہ سویٹر پہن لے جس کی سلائی تو نہ ہوئی ہو، البتہ اسے بنا گیا ہو اور اس نے یہ خیال کیا ہو کہ ایسا کپڑا پہننے میں کوئی حرج نہیں جس میں سلائی نہ کی گئی ہو اور جب اس کے سامنے یہ بات واضح ہو جائے کہ اگرچہ سویٹر میں سلائی نہیں ہوتی لیکن حالت احرام میں اسے پہننا بھی ممنوع ہے، تو اس کے لیے واجب ہوگا کہ اسے فوراً اتار دے۔ اس سلسلے میں عام اصول یہ ہے کہ انسان جب ممنوعات احرام میں سے کسی فعل کو بھول جانے یا عدم واقفیت کی وجہ سے یا مجبور کر دیے جانے کی وجہ سے کرے تو اس پر کوئی کفارہ وغیرہ نہیں ہوتا کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿رَبَّنَا لَا تُؤَاخِذْنَآ اِنْ نَّسِیْنَآ اَوْ اَخْطَاْنَا﴾ (البقرۃ: ۲۸۶)
’’اے ہمارے پروردگار! اگر ہم سے بھول یا چوک ہوگئی ہو تو ہم سے مواخذہ نہ کیجئے۔‘‘
اور اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ’’میں نے ایسا ہی کیا۔‘‘ اور ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿وَ لَیْسَ عَلَیْکُمْ جُنَاحٌ فِیْمَآ اَخْطَاْتُمْ بِہٖ وَ لٰکِنْ مَّا تَعَمَّدَتْ قُلُوْبُکُمْ وَ کَانَ اللّٰہُ غَفُوْرًا رَّحِیْمًا﴾ (الاحزاب: ۵)