کتاب: فتاوی ارکان اسلام - صفحہ 411
کئی لوگ صاحب استطاعت ہونے کے باوجود سالہا سال تک مکہ مکرمہ نہیں جاتے اور وہ ہر سال کسی کو اپنا وکیل بنا کر بھیج دیتے ہیں اس طرح وہ اس عظیم مقصد سے محروم رہتے ہیں جس کی خاطر اس فریضہ کو مقرر کیا گیا ہے۔ سوال ۴۵۷: کیا میت کی طرف سے عمرہ کرنا جائز ہے؟ جواب :میت کی طرف سے عمرہ کرنا اسی طرح جائز ہے، جس طرح حج کرنا جائز ہے۔ اسی طرح میت کی طرف سے طواف اور دیگر تمام اعمال صالحہ بھی جائز ہیں۔ امام احمد رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ہر نیکی جس کا ثواب کسی بھی زندہ یا مردہ مسلمان کو بخش دیا جائے، اسے اس سے فائدہ ہوتا ہے۔[1] لیکن میت کے لیے ایصال ثواب کی نسبت دعا کرنا افضل ہے اور اس کی دلیل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان ہے: ((اِذَا مَاتَ الْإِنْسَانُ انْقَطَعَ ُ عَمَلُہُ إِلَّا مِنْ ثَلَاثٍَ،ْ صَدَقَۃٍ جَارِیَۃٍ أَوْ عِلْمٍ یُّنْتَفَعُ بِہٖ أَوْ وَلَدٍ صَالِحٍ یَدْعُو لَہٗ))( صحیح مسلم، الوصیۃ باب ما یلحق الانسان من الثواب بعد وفاتہ، ح: ۱۶۳۱۔) ’’جب انسان فوت ہو جائے تو تین صورتوں کے سوا اس کاعمل منقطع ہو جاتا ہے: صدقہ جاریہ، وہ علم جس سے نفع اٹھایا جائے اور نیک اولاد جو اس کے لیے دعا کرے۔‘‘ اس حدیث سے استدلال یہ ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ نہیں فرمایا کہ نیک اعمال بجا لائے حالانکہ حدیث سیاق عمل میں ہے، یعنی وہ اس عمل کو بیان کر رہی ہے جو موت کے ساتھ منقطع ہو جاتا ہے۔ اگر انسان سے یہ مطلوب ہوتا کہ وہ اپنے باپ اور ماں کے لیے عمل کرے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم یہ فرماتے: ’’اور نیک اولاد جو اس کے لیے عمل کرے۔‘‘[2] البتہ اگر انسان نیک عمل کرے اور اس کا ثواب کسی مسلمان کو ہدیہ کر دے، تو یہ جائز ہے۔[3] عورت کا محرم کے بغیر حج کرنا سوال ۴۵۸: جب عورت کسی محرم کے بغیر حج کرے، تو کیا اس کا حج صحیح ہے؟ کیا باشعور بچہ محرم ہو سکتا ہے؟ محرم کے لیے کیا شرط ہے؟ جواب :اس کا حج تو صحیح ہے لیکن محرم کے بغیر اس کا یہ فعل اور سفر حرام ہے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کی نافرمانی ہے کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے:
[1] فاضل مفتی صاحب رحمہ اللہ کا یہ جواب نظر ثانی کا متقاضی ہے، کیونکہ میت کے لیے ایصال ثواب کی صرف وہی صورتیں مشروع ہوں گی۔ جن کا ثبوت احادیث سے ملتا ہے۔ ہر عمل صالح کے ذریعہ سے ایصال ثواب صحیح نہیں ہے۔ عمرہ بھی ایسا عمل ہے جس کا اثبات کسی حدیث سے نہیں ہوتا۔ صرف غلام کا آزاد کرنا، صدقہ کرنا، حج کرنا اور دعا کرنا، ایسے اعمال ہیں جن کا فائدہ، حدیث کی رو سے میت کو ہوتا ہے۔ (ص، ی) [2] فاضل مفتی صاحب کا یہ استدلال بالکل صحیح ہے اور اس سے وہی بات ثابت ہوتی ہے جس کی طرف ہم نے اشارہ کیا ہے۔ (ص، ی) [3] یہ بات صحیح نہیں اور حدیث مذکور سے استدلال کے بھی خلاف ہے جس کی وضاحت خود فاضل مفتی صاحب نے فرمائی ہے۔ ہمارے خیال میں یہ آخری رائے، اس رائے کے منافی ہے جو اس سے پہلے عبارت میں ظاہر کی گئی ہے، جس کی رو سے ہر عمل صالح کے ذریعے سے ایصال ثواب نہیں کیا جا سکتا اور یہی رائے راجح اور صواب ہے۔ والعلم عند اللّٰہ (ص، ی)