کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 2) - صفحہ 97
[صحیح بخاری ،التہجد :۱۱۷۸] حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ مجھے میرے حبیب نے تین باتوں کی وصیت فرمائی میں زندگی بھر ان پرعمل پیرا رہوں گا، ہرماہ کے تین روزے ،نماز اشراق اورسونے سے پہلے وتروں کواداکرنا۔ [صحیح مسلم ،صلوٰۃ المسافرین :۱۶۷۵] حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ مجھے بھی میرے پیارے حبیب نے تین باتوں کی وصیت فرمائی،اگراﷲ تعالیٰ نے چاہا تومیں انہیں کبھی ترک نہیں کروں گا ،مجھے نمازاشراق کی وصیت کی ،سونے سے پہلے وتر پڑھنے کی تاکید فرمائی اورہرماہ تین روزے رکھنے کے متعلق فرمایا ۔ [نسائی ،الصیام :۲۴۰۶] اب رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل مبارک کے متعلق چنداحادیث پیش خدمت ہیں : حضرت عبداﷲبن حارث رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی نمازاشراق کے متعلق معلومات لینے کے لئے کئی ایک لوگوں سے ملا مجھے حضر ت ام ہانی رضی اللہ عنہا نے بتایا کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم فتح مکہ کے موقع پردن چڑھنے کے بعد میرے گھر آئے، آپ نے غسل فرمایا اورنماز اشراق کی آٹھ رکعات اداکیں ۔ [صحیح مسلم، حدیث نمبر :۲۶۶۸] حضرت ابن ابی لیلیٰ نے بھی حضرت ام ہانی رضی اللہ عنہا سے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز اشراق کونقل کیا ہے ۔ [ابوداؤد:۱۲۹۱] بعض روایات میں حضرت ام ہانی رضی اللہ عنہا نے اس نماز اشراق کی تفصیل بھی بیان کی ہے کہ آپ نے آٹھ رکعات اس طرح ادا فرمائیں کہ ہر دورکعت پرسلام پھیرتے تھے ۔ [ابوداؤد:۱۲۹۰] حضرت معاذہ عدویہ کہتی ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز اشراق کے متعلق پوچھا تو آپ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ’’ہاں، چار رکعت پڑھتے تھے اورجس قدر اﷲ تعالیٰ چاہتا آپ اس سے زیادہ بھی پڑھ لیتے۔ ‘‘ [صحیح مسلم:۱۶۶۳] حضرت عبداﷲ بن شقیق کہتے ہیں کہ میں نے رسول ا ﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیاکہ آیا آپ نمازاشراق پڑھتے تھے آپ نے فرمایا جب سفر سے واپس آتے تواشراق پڑھ کرگھرآتے تھے ۔ [صحیح مسلم: ۱۶۶۰] حضرت ام ذرہ کہتی ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کودیکھا کہ آپ نماز اشراق پڑھتی تھیں اورفرمایا کرتی تھیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کومیں نے اشراق کی چار رکعات پڑھتے دیکھا ہے۔ [مسند امام احمد، ص:۱۰۶،ج۶] حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم اس قدر پابندی کے ساتھ نمازاشراق پڑھتے تاآنکہ ہم کہتے کہ اب آپ اسے ترک نہیں کریں گے اورپھر آپ عرصہ تک اسے ادانہ کرتے حتی کہ ہم کہتے اب آپ اسے نہیں پڑھیں گے ۔ [ترمذی:۴۷۷] حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ نے بھی رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز اشراق پڑھتے ہوئے دیکھا۔ [مجمع الزوائد:۲/۲۳۷] حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کوسفر میں نماز اشراق آٹھ رکعات پڑھتے دیکھا، پھر آپ سے نماز کے بعد ایک طویل دعا بھی منقول ہے۔ [مستدرک حاکم :۱/۳۱۴]