کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 2) - صفحہ 499
اگرسند کے اعتبار سے زیدبن خارجہ رضی اللہ عنہ کاواقعہ صحیح ہے تووہ حضرت عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ جیسا ہوگا یہ بھی ممکن ہے۔ ہاتف غیب سے کوئی آواز آتی ہو جسے زیدبن خارجہ رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب کر دیا گیا، جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کوغسل کے متعلق پریشانی لاحق ہوئی کہ آپ کے کپڑوں کواتاردیاجائے یاکپڑوں سمیت غسل دیاجائے توصحابہ کرام پرنیند کی کیفیت طاری ہوئی اورگھرکے ایک کونے سے آوازآئی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کوانہی کپڑوں میں غسل دیاجائے ۔ہمیں معلوم نہیں کہ وہ آواز دینے والا کون تھا۔ [مسند امام احمد، ص: ۲۶۷، ج۶] بہرحال موت کے بعد ہم کلام ہوناتاکہ حاضرین اسے سنیں یہ سنت اللہ کے خلاف ہے ۔ [واللہ اعلم ] سوال: بازار میں سادہ ٹون والے موبائل فون دستیاب ہیں، لیکن بعض لوگ ایساموبائل خریدتے ہیں جس میں میوزک والی ٹون بھی ہوتی ہے، پھر اس میں کیمرہ بھی ہوتا ہے جس سے بخوبی فوٹواتاراجاسکتاہے ،کیاایسافون خرید کراستعمال کرناجائز ہے ، بعض اوقات ایسابھی ہوتا ہے کہ دوران جماعت ہی موبائل فون کی گھنٹی بجنا شروع ہو جاتی ہے جس سے دوسرے نمازیوں کے خشوع میں خلل آتا ہے ،اس کے متعلق قرآن و حدیث کی روشنی میں ہماری راہنمائی فرمائیں؟ جواب: موبائل فون دورحاضر کی ایک نئی ایجاد ہے جس کافائدہ یہ ہے کہ انسان ہروقت رابطہ میں رہتا ہے ،اسے انتظار کی زحمت نہیں اٹھاناپڑتی، لیکن اس کے فائدہ کے ساتھ ساتھ منفی اثرات بہت زیادہ ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے شراب اورجوئے کے متعلق فرمایا کہ’’ ان دونوں میں بڑاگناہ ہے اورلوگوں کے لئے کچھ فائدے بھی ہیں لیکن ان کا گناہ ان کے فائدے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔‘‘ [۲/البقرہ:۲۱۹] تجربات نے ثابت کیا ہے کہ یہی معاملہ موبائل فون سے متعلق ہے، کیونکہ ا س میں فوائد بھی ہیں، لیکن جسمانی، معاشی، معاشرتی، اخلاقی اوردینی نقصانات اس کے فائدے کے مقابلہ میں بہت زیادہ ہیں ،جیسا کہ درج ذیل تفصیل سے واضح ہے۔ ٭ جسمانی نقصانات :جوڈاکٹردماغی رسولیوں کے ماہر ہیں ان کی رپورٹ کے مطابق موبائل فون بکثرت استعمال کرنے سے قوت سماعت سے متعلق عصب میں ٹیومبر رسولی ہونے کا خطرہ دوسروں کے مقابلہ میں دوگناہوجاتاہے ،نیز ان کاتجزیہ ہے کہ سیل فون کے تابکاری اثرات کے نتیجہ میں خوردبینی جراثیم پیداہوجاتے ہیں جوکینسر کی ابتدا کاباعث ہیں۔ا س کے برقی مقناطیسی اثرات کے تحت دماغ کے خلیات کونقصان پہنچتا ہے جس کے نتیجہ میں دماغ سے متعلق ایسی بیماریاں پیداہوتی ہیں جن کاعلاج فی الحال ناممکن ہے ،اس کے کثرت استعمال سے حافظہ کمزور، قوت فکر متاثر ہوتی ہے اوردماغ کی نشوونما بھی رک جاتی ہے۔ ٭ معاشی نقصانات:ہمارے ہاں موبائل فون ضرورت سے تجاوز کرکے ایک فیشن کی صورت اختیارکرچکاہے ۔گھر میں جتنے افراد ہیں ،ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ہرایک کے پاس ذاتی موبائل ہو۔اس میں تین صد یاچھ صد روپے کاکارڈ ڈالاجاتاہے جسے ایک ہی نشست میں فضول گپ شپ لگاتے ہوئے ختم کر دیا جاتا ہے۔ جوآدمی اسے ضروریات کے بجائے فضولیات میں لے جاتا ہے وہ اس کے بغیرگزار انہیں کرسکتا ،بلاوجہ اس کے ذریعے مال کاضیاع ہے جس کاکوئی معقول مصرف نہیں ہے ،شوق فضول اس کے ذریعے پوراکیاجاتا ہے۔