کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 2) - صفحہ 39
٭ پیش آمدہ مسائل کا جواب دیتے وقت ہم نے اس امر کا خاص خیال رکھاہے کہ شرعی دلائل کا باہمی ٹکرائو نہ ہو، اگر کوئی حدیث بظاہر معارض ہے تو جمع و تطبیق کی پوری کوشش کی گئی ہے، یہ التزام اس لیے کیا گیا ہے کہ خواہشات نفس کے پیروکار اور منکرین سنت کو اس بظاہر تضاد سے فائدہ اٹھانے کا موقع نہ ملے۔ مذکورہ خصوصیات اور ان کے علاوہ دیگر امتیازات بھی دوران مطالعہ نظر آئیں گے، بہرحال یہ ایک انسانی کاوش ہے اگر اس میں کوئی کام کی چیز نظر آئے تو وہ محض اللہ کے فضل کا نتیجہ ہے اور اگر کوئی کوتاہی یا کمی دیکھنے کو ملے تو اسے ہماری کم ہمتی اور کوتاہ نظری خیال کیا جائے، ہم اپنے قارئین سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ہمیں ہماری کوتاہیوں سے ضرور مطلع کریں گے۔ آخر میں بردار مکرم پروفیسر عبید الرحمن محسن مدیر الجامعہ الکمالیہ راجووال کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی گونا گوں مصروفیات کے باوجود باریک بینی اور دقت نظری سے اس مجموعہ کی فہرست تیار کی۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ اَللّٰھُمَّ اَرِنَا الحَقَّ حَقًّا وَارْزُقْنَا اتَّبَاعَہُ وَاَرِنَا الْبَاطِلَ بَاطِلًا وَارْزُقْنَا اجْتِنَابَہُ (آمین یا رب العالمین) طالب الدعوات ابو محمد عبدالستار الحماد بن مہتاب الدین ۲۰ جولائی ۲۰۰۸ء بروز اتوار