کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 2) - صفحہ 244
نویں ذوالحجہ کاروزہ رکھنا ہے ۔ہم اس سلسلہ میں قطعی طورپر سعودیہ کے پابند نہیں ہیں؟ [واللہ اعلم ] سوال: احادیث میں شب قدر کی تعیین منقول ہے یانہیں؟ جواب: اس کی تعیین کے متعلق بہت اختلاف ہے۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے تقریباًچالیس اقوال نقل کئے ہیں ۔ [فتح الباری، ص:۷۹۴،ج ۴] لیکن صحیح بات یہ ہے کہ شب قدر رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں ہے، جیسا کہ ارشادنبوی ہے: ’’لیلۃ القدر کورمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔‘‘ [صحیح بخاری ، حدیث نمبر:۲۰۱۷] بعض حضرات نے ستائیسویں رات کوشب قدر قرار دیا ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے متعلق فرمایا: ’’یہ ستائیسویں را ت ہے۔ ‘‘ [صحیح مسلم، الصلوٰۃ: ۱۲۳۶] لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمیشہ یہی رات شب قدر ہوگی ، ممکن ہے کہ آپ نے یہ اس وقت فرمایا ہو کہ جس سال ستائیسویں رات کو شب قدر تھی۔ [واللہ اعلم] سوال: کیاعورت اپنے گھر میں اعتکاف بیٹھ سکتی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد امہات المؤمنینlنے مسجد میں اعتکاف کیا تھا؟ جواب: اعتکاف کے متعلق ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’تم مسجد وں میں اعتکاف بیٹھے ہو توپھر بیویوں سے مباشرت نہ کرو۔‘‘ [۲/البقرہ :۱۸۷] اس آیت کریمہ سے معلوم ہوا کہ اعتکاف صرف مسجد میں ہی ہوسکتا ہے کیونکہ اعتکاف کے دوران بیوی سے مباشرت کرنا تو ہرحال میں منع ہے، پھرمساجدکے حوالہ سے اسے کیوں بیان کیاگیا ہے؟ اس پرتمام اہل علم کااجماع ہے کہ اعتکاف کے لئے مسجد کا ہونا ضروری ہے اس کے علاوہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کابیان ہے کہ مسجد کے علاوہ اعتکاف نہیں ہوتا ۔ [دارقطنی،ص:۲۰۱،ج ۲] اعتکاف کے لئے مرد اورعورت کی تفریق بھی صحیح نہیں ہے کہ مردوں کے لئے مسجد کوضروری قراردے دیا جائے اور عورتوں کے متعلق گھر میں اعتکاف کرنے کی اجازت دی جائے جبکہ طریقہ نبوی اس کے خلاف ہے، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں ازواج مطہرات مسجد میں ہی اعتکاف کرتی تھیں، جیسا کہ ایک مرتبہ آپ نے اعتکاف کاارادہ فرمایا جب آپ اعتکاف کے لئے مسجد میں اپنے خیمہ کی طرف گئے تو دیکھا کہ آپ کی بیویوں نے بھی مسجد نبوی میں اعتکاف کے لئے خیمے لگا رکھے ہیں۔ آپ نے یہ دیکھ کر فرمایا: ’’ان بیویوں نے یہ کام حسن نیت کی بنا پر بلکہ جذبہ رقابت کی وجہ سے کیا ہے۔‘‘ آپ نے ان سب کے خیمے اکھاڑدینے کاحکم دیا، پھرآپ نے اپنا خیمہ بھی اکھڑوا دیا۔ [صحیح بخاری ،الاعتکاف :۲۰۳۴] اگرخواتین کے لئے مسجد کے علاوہ گھروں میں ا عتکاف کرناصحیح ہوتا تو آپ انہیں گھروں میں اعتکاف کرنے کاحکم دے دیتے لیکن آپ نے ایسا نہیں کیا اس سے معلوم ہوا کہ عورتوں کے لئے بھی مسجد کااہتما م ضروری ہے لیکن اس کیلئے چندشرائط ہیں: (۱) عورت کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے خاوند یاسرپرست سے اجازت لے ۔