کتاب: فتاویٰ اصحاب الحدیث(جلد 2) - صفحہ 223
صورت مسئولہ میں سائل کے والد کے پاس حج کے اخراجات توموجودتھے لیکن وہ خودسفرحج کرنے کے قابل نہ تھے اوراسی حالت میں ان کاانتقال ہوگیا ۔اب اگرمرحوم کی اولاد اس کی طرف سے حج بدل کرانا چاہتی ہے توشرعاًاس کی اجازت ہے لیکن اس کے لئے ایسے نیک شخص کاانتخاب کیاجائے جوپہلے اپناحج کرچکاہو،لیکن اس سلسلہ میں ایک بات ذہن نشین کرلیناچاہیے کہ اگر مرحوم نے حج کے لئے کچھ رقم مختص کی تھی اوروہ وفات کے وقت موجود تھی تواسے اب حج کے لئے استعمال نہیں کیاجاسکتا کیونکہ اب وہ رقم اس کا ’’ترکہ‘‘ شمار ہوگی، جسے ورثاء میں تقسیم کیاجائے گا۔ اگر تمام ورثاء بطیْب خاطر رضامند ہوں تواس رقم کوحج کی مد میں استعمال کیاجاسکتا ہے یا پھر اولاد میں کوئی یاسب مل کرباپ کی طرف سے حج بدل کرانے کا بندوبست کریں۔ مختصر یہ ہے کہ ان کے ورثاء پر حج کاحکم لاگو نہیں ہے، ہاں، اگر چاہیں توا س کی طرف سے حج بدل کراسکتے ہیں اور جس نے حج بدل کرناہے پہلے وہ اپنا حج کر چکا ہو۔ [واللہ اعلم ] سوال: حج کی ادائیگی سے پہلے عمرہ کرنے کے کیااحکام ہیں تفصیل سے تحریر کریں؟ جواب: عمرہ کے طریقہ کے لئے بازار سے مستندکتب دستیاب ہیں۔ مختصر اس کے مراحل حسب ذیل ہیں : ٭ میقات سے ا حرام باندھنا ،احرام کی دوچادریں ہوتی ہیں۔ ایک کواوڑھ لیاجائے اوردوسری کوپہن لیاجائے ۔احرام باندھتے وقت دونوں کندھے ڈھانپ لئے جائیں۔ ٭ ’’اَللّٰہُمَّ لَبَّیْکَ عُمْرَۃً‘‘ کہہ کر نیت کی جائے، پھرحسب ذیل تلبیہ کہتے رہناچاہیے: ’’لَبَّیْکَ اللّٰھُمَّ لَبَّیْکَ لاَ شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ لاَ شَرِیْکَ لَکَ۔‘‘ ٭ مسجد احرام میں داخل ہوتے وقت یہ دعاپڑھی جائے: ’’اَللّٰھُمَّ افْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ‘‘ ٭ طواف شروع کرنے سے پہلے دایاں کندھا ننگا کرلیا جائے۔ ٭ حجراسود کے سامنے کھڑے ہو کر ’’بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُ اَکْبَرُ‘‘ کہاجائے ،ممکن ہوتوحجر اسود کوبوسہ دیاجائے یااسے ہاتھ لگا کر چوم لیا جائے یاصرف ہاتھ سے اشارہ کردیاجائے ۔ ٭ بیت اللہ کے سات چکر لگائے جائیں، پہلے تین چکر آہستہ آہستہ دوڑکرلگائے جائیں، عورتیں اس سے مستثنیٰ ہیں۔ ٭ پہلے تین چکروں کے بعد دونوں کندھے ڈھانپ لئے جائیں ہرچکر کی کوئی خاص دعا حدیث سے ثابت نہیں۔ ٭ ہر چکر میں رکن یمانی کوہاتھ لگائیں اگرممکن نہ ہوتوویسے ہی گزرجائیں ۔ ٭ رکن یمانی اورحجر اسود کے درمیان مندرجہ ذیل دعا پڑھیں۔ ’’رَبَّنَا اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَّ فِی الْآخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ۔‘‘ ٭ سات چکر مکمل کرنے کے بعد مقام ابراہیم کے پاس دورکعت نمازبرائے طواف اد اکریں۔ ٭ آب زمزم سیر ہوکر پئیں ،اگر موقعہ ملے توپھرحجراسود کوچومیں یاہاتھ لگائیں۔ ٭ ممکن ہو تو ملتزم سے چمٹ کرخوب دعائیں کریں، پھرسعی کے لئے صفا کا رخ کریں۔