کتاب: ایمان میں زیادتی اور کمی کے اسباب - صفحہ 151
برے اور فاسق وفاجر لوگوں کے ساتھ میل جول رکھتا ہے تو ان کی طرح فاسق فاجر بن جاتا ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کا اس کی مخلوق میں طریقہ ہے، جیسے کہا جاتا ہے ’’الصاحب ساحب‘‘ کہ ’’دوست کھینچ لیتا ہے اور گھسیٹ کر لے جاتا ہے۔‘‘ اس طرح فاسق و فاجر لوگوں کے ساتھ میل جول رکھنا ایمان کی کمزوری کا سب سے بڑا سبب ہے اور یوں کبھی کبھی وہ بالکل ختم ہو کر لاشیٔ ہوجاتا ہے اور یہ ان کی برائی کی حالت کی وجہ سے ہے یا ان سے میل جول کے حساب سے ہے۔ تو ہمارے زمانے میں جو جدید چیزیں آ گئی ہیں اُن کا غلط استعمال بھی برے ساتھی کے حکم میں ہے، بلکہ بعض دفعہ تو ان کا معاملہ تو اس سے زیادہ شدید ہے جیسے انٹر نیٹ، ٹی وی، ڈش انٹینا اور موبائل وغیرہ۔ یہ سچ مچ افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے مسلمانوں کے بیٹے اور بیٹیاں انٹر نیٹ، ٹی وی اور انڈرائیڈ موبائل کے سامنے گھنٹوں بیٹھے رہتے ہیں وہ اپنے کانوں اور آنکھوں کو اس پر لگائے رکھتے ہیں اور دل سے ان کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور جیسے جیسے دن گزر رہے ہیں یہ بری سوچیں اور افکار پھیل رہے ہیں اور اس کی بنیادیں گہری ہو رہی ہیں، یہ عقلوں کی پرورش کرتے ہوئے افکار کو غذا پہنچانے میں مصروف ہیں اس سے برائی اور بگاڑ بڑھ رہا ہے۔ مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو تباہی کی ان کدالوں اور شر کے راستوں سے بچائیں، یہ معاملہ خطرے کی انتہا تک پہنچ چکا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان تمام اسباب سے بچانے والا ہے، اور جو شخص اللہ تعالیٰ کی رسی کو مضبوطی پکڑے تو وہ اسے ہدایت دیتا ہے۔ اَللّٰہُمَّ اَصْلِحٖ لَنَا دِیْنَنَا الَّذِیْ ہُوَ عِصْمَۃُ اَمْرِنَا وَاَصْلِحْٖ لَنَا دُنْیَانَا الَّتِیْ فِیْہَا مَعَاشُنَا وَاَصْلِحْ لَنَا اٰخِرَتَنَا الَّتِیْ فِیْہَا مَعَادَنَا، وَاجْعَلِ الْحَیَاۃَ زِیَادۃً لَّنَا فِیْ کُلِّ خَیْرٍ وَالْمَوْتَ رَاحَۃً لَّنَا مِنْ کُلِّ شَرٍّ۔ ٭٭٭