کتاب: علم الرسم - صفحہ 11
مقدمہ
چند ضروری اور اہم فواید کا بیان
کتابت
لفظ کتابت کتب یکتب کا مصدر ہے جو لغوی طور پر قلم کے ساتھ لکھنے، ملانے، جمع کرنے یا سینے کے معانی میں استعمال ہوتا ہے۔ عرف میں ہاتھ کے ساتھ قلم کے ذریعے حروف کی تصاویر و نقوش بنانے کے کام کو کتابت کہا جاتا ہے۔ کبھی کبھی ان لکھے ہوئے حروف پر بھی کتابت کا اطلاق ہوتا ہے۔ کتابت کی متعدد انواع و اقسام ہیں، یہاں ہمارا مقصود عربی کتابت کو بیان کرنا ہے۔
عربی کتابت کے موجد اول
عربی کتابت کے موجد أول کے بارے میں متعدد روایات پائی جاتی ہیں، جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔
(1) کہا جاتا ہے کہ دیگر کتابات کی مانند عربی کتابت بھی سب سے پہلے سیدنا آدم علیہ السلام نے ایجاد کی ہے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے دنیا بھر کی تمام کتابتوں کو مٹی کی تختیوں پر لکھا اور اس مٹی کو آگ میں جلا کر پختہ کردیا۔ اور اپنی موت سے قبل ان کو دفن کردیا۔ طوفان کے بعد ہر قوم کے حصے میں ایک ایک کتابت آئی جسے انہوں نے الہام الٰہی سے سیکھ لیا اور اس کی صورت کو نقل کرلیا اور اسے اپنی کتابت کی اصل مصدر اور بنیاد قرار دیا۔