کتاب: عیسیٰ ابن مریم علیہما السلام - صفحہ 91
دجال کا حلیہ : سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : إِذَا رَجُلٌ جَسِیمٌ أَحْمَرُ جَعْدُ الرَّأْسِ أَعْوَرُ العَیْنِ ۔ ’’دجال کا جسم بھاری بھرکم، رنگ سرخ، بال گھونگھریالے اور آنکھ کانی ہے۔‘‘ (صحیح البخاري : 7128) أَحْمَرَ، جَعْدَ الرَّأْسِ ۔ ’’سرخ رنگت، گھونگھریالے بال۔‘‘ (صحیح مسلم : 169) عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں جہاں ’’جعد‘‘ کا لفظ استعمال ہوا ہے، اس سے مراد متناسب جسم ہے۔ دجال کے لیے جہاں ’’جعد‘‘ کا لفظ استعمال ہوا ہے، اس سے مراد گھونگھریالے بال ہیں۔ عیسیٰ علیہ السلام کے بال سیدھے ہیں۔ عیسیٰ علیہ السلام کا رنگ گندمی سرخی مائل ہے، جبکہ دجال کا رنگ سرخ ہے۔ مسیح عیسیٰ علیہ السلام اور مسیح دجال کی نشانیوں میں فرق ہے، ان نشانیوں کو خلط ملط کرنا اور اس بنا پر نزول عیسیٰ علیہ السلام کی روایات کو مشکوک قرار دینا ہرگز درست نہیں، فافہم وتدبر!