کتاب: عیدین و قربانی فضیلت و اہمیت ، احکام و مسائل - صفحہ 16
مسائل اور الجھنوں کا بڑی شرح وبسط سے ذکر کیا ہے اور قرآن و سنت سے ان کا حل پیش فرمایا ہے؛ اور ان مواقع پر عام رواج پاجانے والی رسوم اور بدعات کا مدلل طریقے سے رد کرتے ہوئے بڑے ناصحانہ اور مشفقانہ انداز میں عوام کو اپنی اصلاح کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی ہے اور عیدین کو ایک مذہبی اور دینی تہوار بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ مزید خوشی کی بات یہ ہے کہ اس کتاب میں مسائل کے استنباط و استخراج میں صرف صحیح اور حسن احادیث سے استفادہ کیا گیا ہے اور اگر کہیں ضعیف حدیث کا ذکر آیا ہے تو اس کی وضاحت و صراحت بھی کردی گئی ہے۔ فجزاہ اللّٰہ عنا وعن جمیع المسلمین۔ فاضل جلیل مولانا حافظ عبدالرؤف صاحب فاضل مدینہ یونیورسٹی نے بڑی محنت اور جانفشانی سے تخریج کا فریضہ سرانجام دیا ہے اور کتاب میں درج تمام احادیث، ائمہ کے اقوال اور فتاوی کی تخریج کرکے کتاب کی اہمیت و افادیت کو دو چند بلکہ سہ چند کر دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی محنت شاقہ کو مقبول و منظور فرمائے۔ آمین مولانا محمد منیر قمر صاحب اس اعتبار سے بڑے خوش قسمت اور نیک بخت ہیں کہ انھیں اپنی تصانیف کی کتابت، تصحیح، طباعت اور ترسیل کے معاملات میں اپنے آبائی گاؤں ’’ریحان چیمہ‘‘ کے دو مخلص، جواں سال اور محنتی علماء مولانا سید محمداسلم شاہ صاحب اور مولانا غلام مصطفی صاحب فاروق کا تعاون اور خدمات حاصل ہیں۔ یہ دونوں مولانا قمر صاحب کی تالیفات کو بڑی محنت ‘ محبت اور عقیدت سے ’’مکتبہ کتاب و سنت ‘‘ کے زیر اہتمام چھپوانے اور تقسیم کرنے کا فریضہ لوجہ اللہ سرانجام دے رہے ہیں، جو دین کی بہت بڑی خدمت اور صدقہ