کتاب: الدروس المہمۃ کی شرح کا اردو ترجمہ دروس ابن باز - صفحہ 89
چوتھا سبق
توحید اور شرک کی اقسام
شیخ رحمہ اللہ فرماتے ہیں : چوتھا سبق: توحید اور شرک کی اقسام:
توحید کی تین قسمیں ہیں اور وہ حسب ذیل ہیں :
(۱) توحید ربوبیت (۲) توحید الوہیت
(۳) توحید اسماء و صفات
توحید ربوبیت:.... اس بات پر ایمان لاناہے کہ اللہ تعالیٰ ہی ہر چیز کا خالق اور ہر چیز میں تصرف کرنے والا ہے، اس میں کوئی اس کا شریک نہیں ۔
توحید الوہیت:.... اس بات پر ایمان لانا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہی معبود برحق ہے، اس میں کوئی اس کا شریک نہیں ، اور یہی’’لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ‘‘ کا مطلب بھی ہے، کیونکہ اس کا معنیٰ ہے: اللہ کے سوا کوئی سچا معبود نہیں ۔ لہٰذا تمام عبادتیں : نماز، روزہ وغیرہ صرف اللہ واحد کے لیے خالص کرنا واجب ہے اور اللہ کے علاوہ کسی اور کے لیے عبادت کا ایک معمولی حصہ بھی بجا لانا جائز نہیں ۔
توحید اسماء و صفات:.... قرآن کریم اور احادیث صحیحہ میں اللہ تعالیٰ کے جو اسماء و صفات بیان کیے گئے ہیں ان پر ایمان لایا جائے اور انہیں اللہ کے لیے اس کے شایان شان ثابت کیا جائے، بایں طور کہ ان سماء و صفات کے معانی میں کوئی تحریف نہ کی جائے،نہ انہیں بے معنی کیا جائے، نہ ان میں اللہ کے لیے کیفیت بیان کی جائے اور نہ ہی مخلوق سے تشبیہ دی جائے، جیساکہ اللہ سبحانہ کا ارشاد ہے:
﴿ قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ ، اَللّٰہُ الصَّمَدُ ، لَمْ یَلِدْ ۵ وَلَمْ یُوْلَدْ ، وَلَمْ یَکُنْ لَّـہٗ کُفُوًا اَحَدٌ ، ﴾ (الاخلاص )
’’کہہ دے وہ اللہ ایک ہے۔ اللہ بے نیاز ہے۔ نہ اس نے کسی کو جنا اور نہ وہ جنا گیا۔ اور نہ کبھی کوئی ایک اس کے برابر کا ہے۔‘‘
دوسری جگہ فرمایا:
﴿ لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْئٌ وَّہُوَ السَّمِیْعُ البَصِیْرُ﴾ (الشوریٰ: ۱۱)
’’اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔‘‘
بعض اہل علم نے توحید کی صرف دو قسمیں بیان کی ہیں ، اور توحید اسماء و صفات کو توحید ربوبیت میں داخل کر دیا ہے، اور اس میں کوئی مضائقہ نہیں ، کیونکہ دونوں تقسیم کی صورت میں مقصود واضح ہے۔‘‘