کتاب: الدروس المہمۃ کی شرح کا اردو ترجمہ دروس ابن باز - صفحہ 78
ملائکہ کی بہت بڑی کثیر تعداد کی ایک دوسری دلیل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسراء کا واقعہ ہے؛ آپ فرماتے ہیں :  (( فَرُفِعَ لِي الْبَيْتُ الْمَعْمُورُ فَقلتُ یَا جِبْرِيلَ ما ہذا؟فَقَالَ ہَذَا الْبَيْتُ الْمَعْمُورُ یَدْخُلُہ کُلَّ يَوْمٍ سَبْعُونَ أَلْفَ مَلَکٍ إِذَا خَرَجُوا لَمْ يَعُودُوا إِلَيْہِ آخِرُ مَا عَلَيْہِمْ)) (البخاری 3207 مسلم 164) ’’پھر میرے سامنے بیت معمور ظاہر کیا گیا؛ میں نے حضرت جبرائیل علیہ السلام سے پوچھا: یہ کیا ہے؟ تو انہوں نے کہا: یہ بیت معمور ہے جس میں ہر روز ستر ہزار فرشتے داخل ہوتے ہیں جب وہ (نماز پڑھ کر) نکل جاتے ہیں تو قیامت تک واپس نہیں آتے۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( إِنَّ السَّمَائَ أَطَّتْ وَحَقَّ لَہَا أَنْ تَئِطَّ مَا فِيہَا مَوْضِعُ أَرْبَعِ أَصَابِعَ إِلَّا وَمَلَکٌ وَاضِعٌ جَبْہَتَہُ سَاجِدًا لِلّٰهِ )) (أحمد 21516 ؛ ترمذی 2312 ؛ ابن ماجة 4190۔ صححہ الألبانی فی الصحیحة 1722) ’’ آسمان چرچرا رہا تھا اور چرچرانا اس کا حق تھا؛ اس میں چار انگلیوں برابر جگہ بھی باقی نہیں جہاں کوئی فرشتہ اپنی پیشانی رکھے ہوئے اللہ تعالیٰ کو سجدہ نہ کر رہا ہو۔‘‘ یہ احادیث مبارکہ ملائکہ کی کثرت پر دلالت کرتی ہیں ۔  تفصیلی طور پر ہم اس تعداد پر ایمان رکھتے ہیں ؛ جو ملائکہ کے متعلق وارد ہوئی ہے؛ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:  ﴿وَيَحْمِلُ عَرْشَ رَبِّكَ فَوْقَہُمْ يَوْمَىِٕذٍ ثَمٰنِيَۃٌ ، ﴾ [٦٩:١٧] ’’ اور اس دن تمہارے رب کا عرش اپنے اوپر آٹھ فرشتے اٹھائیں گے۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( يُؤْتَی بِجَہَنَّمَ يَوْمَئِذٍ لَہَا سَبْعُونَ أَلْفَ زِمَامٍ مَعَ کُلِّ زِمَامٍ سَبْعُونَ أَلْفَ مَلَکٍ يَجُرُّونَہَا)) (مسلم ) ’’ جہنم کو لایا جائے گا اس دن جہنم کی ستر ہزار لگا میں ہوں گی اور ہر ایک لگام کو ستر ہزار فرشتے پکڑے ہوئے کھینچ رہے ہوں گے۔‘‘ وظائف و اعمال ملائکہ:.... اجمالاً وہ اللہ کے لشکراور اس کے نیک بندے ہیں ؛ اور ہر ایک مکمل طور پر اس ذمہ داری کو ادا کر رہا ہے جس کا اللہ تعالیٰ نے اسے حکم دیا ہے؛ ان میں کوئی بھی اللہ تعالیٰ کی نافرمانی نہیں کرتا۔فرمان الٰہی ہے:  ﴿ لَا يَعْصُوْنَ اللّٰهَ مَآ اَمَرَہُمْ وَيَفْعَلُوْنَ مَا يُؤْمَرُوْنَ ، ﴾ [٦٦:٦] ’’ جو اللہ کے حکم کی نافرمانی نہیں کرتے اور جو انہیں حکم ہو وہی کرتے ہیں ۔‘‘