کتاب: الدروس المہمۃ کی شرح کا اردو ترجمہ دروس ابن باز - صفحہ 200
دینے والے امور کی معرفت حاصل کرے تاکہ ان سے اجتناب کرسکے؛ اور آگاہ رہے کہ کہیں ان گناہوں کی لپیٹ میں نہ آجائے۔ جیسا کہ کسی شاعر نے کہا ہے:
’’برائی کی معرفت برائی کے لیے نہیں بلکہ اس لیے حاصل کرو کہ اس سے بچ سکو؛ اس لیے کہ لوگوں میں سے جس کو برائی کا علم نہیں ہوتا؛ وہ اس میں واقع ہو جاتا ہے۔‘‘
حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں :
’’دوسرے صحابہ کرام تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے خیر کے متعلق سوال کیا کرتے تھے لیکن میں شر کے بارے میں پوچھتا تھا اس خوف سے کہ کہیں میں ان میں نہ پھنس جاؤں ۔‘‘ (البخاری ح: 3606 -مسلم ح: 1847)
بزرگ لوگ ایک جملہ کہا کرتے تھے:
کیف یتقی من لا یدری ما یتقی
’’وہ انسان کیسے بچ سکتا ہے جس کو پتہ ہی نہ ہو کس چیز سے بچنا ہے۔‘‘
مطلب یہ ہے کہ وہ انسان حرام چیزوں اوربرے کاموں سے کیسے بچ سکتا ہے جس کو برائی کا اور اس کے خطرات کا پتہ ہی نہ ہو۔اور نہ ہی اس کو ان سزاؤں کا علم ہو جو شریعت مطہرہ میں ان برے کام کرنے والوں کے لیے وارد ہوئی ہیں ۔ پس مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ کبیرہ گناہوں کی معرفت اس لیے حاصل کرے کہ ان سے اجتناب کرسکے۔
علمائے کرام رحمہم اللہ نے کبیرہ گناہوں کے متعلق مخصوص کتابیں تحریر کی ہیں ؛ جن میں کبیرہ گناہوں کو شمار کیا گیاہے؛ اور ہر کبیرہ گناہ کے ساتھ کتاب و سنت سے اس کے دلائل بھی ذکر کئے ہیں ۔اس سلسلہ کی سب سے بہترین کتاب امام ذہبی رحمہ اللہ کی ’’الکبائر ‘‘ ہے۔ یہ اپنے موضوع پر بہت ہی عظیم الشان اور فائدہ مند کتاب ہے جس میں کبیرہ گناہوں سے آگاہ کیا گیا ہے؛ اور ان کے خطرات بیان کئے گئے ہیں ۔
خلاصہ کلام !مسلمان کو چاہیے کہ وہ ان کبیرہ اور ہلاکت خیز گناہوں کی معرفت حاصل کرے؛اور ان کے خطرات سے آگاہ رہے اور ان کے بارے میں وارد شرعی سزاؤں سے آگاہ رہے۔ تاکہ خود بھی ان سے بچ کر رہے اور دوسروں کو بھی ان سے ڈرائے ۔ یہ حقیقت میں نیکی اور بھلائی کے کام میں باہمی تعاون اور امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ہے۔
نصوص شریعت کی روشنی میں گناہوں کی دو اقسام ہیں : صغیرہ اور کبیرہ ۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان گرامی ہے:
﴿وَكُلُّ شَيْءٍ فَعَلُوْہُ فِي الزُّبُرِ ، وَكُلُّ صَغِيْرٍ وَّكَبِيْرٍ مُّسْـتَطَرٌ ، ﴾ [٥٤:٥٣]
’’اور انہوں نے جو کچھ کیا سب کتابوں میں ہے ۔اور ہر چھوٹی بڑی چیز لکھی ہوئی ہے۔‘‘
اور اللہ تعالیٰ کا فرمان گرامی ہے:
﴿اِنْ تَجْتَنِبُوْا كَبَاىِٕرَ مَا تُنْہَوْنَ عَنْہُ نُكَفِّرْ عَنْكُمْ سَيِّاٰتِكُمْ وَنُدْخِلْكُمْ مُّدْخَلًا كَرِيْمًا ، ﴾
’’اگر تم کبیرہ گناہوں سے بچ کر رہو جن کی تمہیں ممانعت ہے تو تمہارے چھوٹے گناہ ہم بخش دیں گے اور