کتاب: الدروس المہمۃ کی شرح کا اردو ترجمہ دروس ابن باز - صفحہ 12
ان معانی کے عین مطابق ہے جن پر یہ کتابچہ مشتمل ہے۔ اسے دروس کی شکل میں انتہائی بدیع ترتیب سے مرتب کیا گیا ہے۔ پہلا درس ؛ دوسرا درس ؛ تیسرا درس.... الخ ’’المہمة‘‘: یعنی وہ اسباق جو انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ؛ جن کی عوام الناس کو ضرورت ہے۔  مصنف رحمہ اللہ اس کتابچہ میں مختلف مضامین لائے ہیں ۔ پہلے آپ نے اعتقادی پہلو کو بھی بیان کیا ہے ؛ اور اس کے ساتھ ہی امور عبادت بھی واضح کیے ہیں ۔ خصوصاً اسلام کے پانچ بنیادی ارکان۔ مزید برآں اس رسالہ میں مسلمان کے ضروری اخلاق بھی بیان کئے ہیں ۔ اور کبیرہ گناہوں سے بھی خبردار کیا ہے۔ اور ان میں سے بعض گناہوں کا یہاں پر ذکر بھی کیا ہے اور ساتھ ہی شرک اکبر سے بہت سخت ڈرایا ہے جو اس دین کا ناقض اورملت سے خارج کرنے والا ہے۔ یہ مختصر سا کتابچہ بہت سے ان اہم ترین عظیم مضامین کو شامل ہے جن کی عام عوام الناس کو بہت سخت ضرورت ہے۔ ٭٭٭ شیخ رحمہ اللہ کا فرمان: ’’میں اللہ تعالیٰ سے سوال کرتا ہوں کہ وہ اس کتابچہ کو مسلمانوں کے لیے فائدہ مند بنا دے۔ اور میری اس خدمت کو قبول فرمائے ۔ بیشک اللہ تعالیٰ بہت ہی سخی و کریم اور مہربان ہے۔‘‘ یہ بہت ہی عظیم دعا ہے؛ جس میں اللہ تعالیٰ سے اس کتابچہ کونفع بخش بنانے کا سوال ہے۔  یہ بھی اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم اور احسان ہے کہ اس رسالہ کو بڑے پیمانہ پر قبولیت اور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ بہت ساری مجالس کا اہتمام صرف اس کی تعلیم کے لیے کیا گیا۔ اور بہت سارے لوگوں کو مساجد میں پڑھ کر سنائی گئی۔ اور اس کے ساتھ ہی اس کے مضامین بھی بیان کئے گئے۔ اور پھر اسے عوام الناس کی تعلیم اور امور دین سکھانے کے لیے ایک منہج کے طور پر اپنایا گیا ۔ اور بہت ساری زبانوں میں اس کاترجمہ کیا گیا۔ یہ تمام امور اس کتاب کی اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قبولیت کی نشانیوں میں سے ہیں ۔ان شاء اللہ ۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ اس کے مؤلف کو بہترین جزائے خیرعطا فرمائے؛ اور قیامت کے دن ان کے اعمال نامہ کے بھاری ہونے کا ذریعہ بنا دے۔ اور ہم تمام کو اس کتاب سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور ہم اللہ تعالیٰ سے یہ بھی دعا کرتے ہیں کہ اس شرح کو بھی قبولیت سے نواز دے۔ اوراسے عوام الناس کے لیے فائدہ مند بنا دے۔ بیشک اللہ تعالیٰ دعائیں سننے اور قبول کرنے والے ہیں ۔  ٭٭٭