کتاب: دنیا کا خاتمہ - صفحہ 4
کتاب میں کیا ہے؟ کتاب کے آغاز میں ’’علاماتِ قیامت‘‘ پر بحث و مباحثہ سے نتیجہ حاصل کرنا اور قیامت کی نشانیوں سے متعلق قواعد بیان کر دیے گئے ہیں ۔ ان علامات کو دو بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے: چھوٹی علامات اور بڑی علامات۔ چھوٹی علامات کو پہلے ذکر کیا گیا ہے جس میں ایک سو اکتیس(۱۳۱)علامات ہیں جو کتاب کے مواد اور علمی جستجو کا ثمرہ ہیں ۔ دوسرا حصہ بڑی علامات پر مبنی ہے۔ جن کے ظہور کا معنی قیامت کا نزدیک ترین ہونا ہے۔ یہ دس (۱۰ ) ہیں ۔ ہر موضوع سے پہلے ایک خصوصی تحریر ’’ کچھ اس باب سے متعلق ‘‘ لکھی گئی ہے ، جس سے قاری کے ذہن میں موجود سوالات اور موضوع سے متعلق پیچیدگی کو آسان بنایا گیا ہے۔ ہر موضوع کی مناسبت سے پرذوق تصاویر کا انتخاب کیا گیا ہے ۔مختلف رنگوں کی مدد سے حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم ،صحابہ و ائمہ کے اقوال، قرآنی آیات کے تراجم اور حوالہ جات کی الگ الگ نشان دہی کر دی گئی ہے ۔کتاب کی قیمت کو قارئین کی رسائی تک لانے کے لیے عربی عبارات نہیں لکھی گئیں مگر ترجمہ و حوالہ جات جوں کے توں ہیں جس سے اصل میں کچھ فرق نہیں آیا۔ یہ کتاب ، ایک عربی کتاب ’’ نہایۃ العالم‘‘ کا آسان اُردو ترجمہ ہے۔ترجمے کی روانی اور سلاست نے اصل کتاب کی اساس کو برقرار رکھا ہے۔ مباحث پر علم کی جستجو، تحقیق پر گرفت، مصادر و مراجع کی کثرت مصنف کے علمی اور فنی ذوق کا پتہ دیتی ہے۔ اس تحقیق کو مترجم نے جس عرق ریزی اور محنت سے اُردو زبان میں ڈھالا ہے، آپ کو پڑھنے کے بعد اندازہ لگانا مشکل نہ ہو گا۔ عربی زبان میں اس کے کئی ایڈیشن چھپے۔ اپنی علمی پختگی کی وجہ سے بہت جلد مقبول ہوئی اور لاکھوں نسخے چند مہینوں میں ہی فروخت ہو گئے۔ مصنف کی علم پر گرفت اور مصادر و مراجع کی اساس قرآن و حدیث کو دیکھتے ہوئے ہم نے فوراً اس کا اُردو ترجمہ شائع کرنے کا ارادہ کیا۔ ترجمے کے بعد اس کی ڈیزائننگ سب سے اہم مرحلہ تھا جسے ادارہ ’’الفرقان ٹرسٹ‘‘ کے رفیق عبدالرؤف بھائی نے بحسن خوبی انجام دیا۔ اس کی اعلیٰ چھپائی اور بہترین پیپر کا انتخاب ادارے کی علمی محبت کا آئینہ دارہے۔ اب یہ کتاب’’دُنیا کا خاتمہ ‘‘ کے نام سے آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے مصنف، مترجم ، ناشر اور جملہ معاونین کے لیے باعث نجات بنائے۔ آمین ابو ساریہ عبدالجلیل