کتاب: دنیا کا خاتمہ - صفحہ 35
۱۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت اس بابت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں مطلع فرمایا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت قرب ِقیامت کی نشانیوں میں سے ایک ہے۔ اور یہ کہ آپ کی بعثت قیامت کی چھوٹی نشانیوں میں سے سب سے پہلی نشانی ہے۔ سیّدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے : ’’ میں اور قیامت اس طرح ( ساتھ ساتھ ) بھیجے گئے ہیں ؛ یہ فرماکر آپ نے درمیانی اور اس کے ساتھ والی انگشت ’’ شہادت ‘‘ کو آپس میں ملا لیا۔ ‘‘ (بخاری و مسلم) امام قرطبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ’’سب سے پہلی چھوٹی نشانی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ، اس لیے کہ آپ نبی آخر الزمان ہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث کردیا گیا ہے، آپ کے او رقیامت کے مابین کوئی اورنبی نہیں آئے گا۔ ‘‘ (التذکرۃ: ۱/۷۱۰)