کتاب: دنیا کا خاتمہ - صفحہ 326
عیاض رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’ یاجوج ماجوج کے بارے میں وارد احادیث اپنی حقیقت کے مطابق خبریں ہیں جن پر ایمان رکھنا واجب ہے۔ اس لیے کہ یاجوج ماجوج کا خروج قیامت کی نشانیوں میں سے ہے۔ اوراحادیث میں یہ بھی وارد ہوا ہے کہ ان کی کثرت کی وجہ سے کسی کو ان کے ساتھ جنگ کرنے کی طاقت نہیں ہوگی۔اور یہ لوگ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور ان کے ان مومن ساتھیوں کا محاصرہ کریں گے جو دجال کے فتنہ سے بچ گئے ہیں ۔ پھر عیسیٰ علیہ السلام ان پر بد دعا کریں گے، تو اللہ تعالیٰ ان تمام کو یکدم (ایک کیڑے سے) ہلاک کردے گا۔ پھر زمین میں ان کی بدبو پھیل جائے گی، تو حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور ان کے ساتھی اللہ تعالیٰ سے دعا کریں گے۔ تو اللہ تعالیٰ ایسے پرندے بھیجے گا جو انہیں اچک کر دوسری کسی جگہ پر پھینک دیں گے۔‘‘ (مرقاۃ المفاتیح) کیا مسلمانوں پر واجب ہوگا کہ وہ یاجوج ماجوج سے جنگ کریں ؟ سوال :… آخر میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا مسلمانوں پر واجب ہو گا کہ وہ یاجوج ماجوج سے جنگ کریں ؟ جواب:… نہیں ۔ جیسا کہ اس سے پہلے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے قصہ میں گزر چکا ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے کہیں گے:’’ میں نے اپنے ایسے بندوں کو بھیج دیا جن کے ساتھ مقابلہ کی سکت کسی میں بھی نہیں ، تم میرے بندوں کو لے کر طور میں پناہ گزین ہوجاؤ ۔‘‘ (مسلم) ****