کتاب: دنیا کا خاتمہ - صفحہ 315
’’ عمل کرو اور بشارت دو کیوں کہ تمہاری دوسری امتوں کے مقابلے میں تعداد صرف اتنی ہے جیسے کسی اونٹ کے پہلو میں تل کسی جانور کے ہاتھ کے اندر کا گوشت۔‘‘ (ترمذی ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دجال کے متعلق حدیث بیان کرتے ہوئے اس کے شروع میں فرمایا: ’’ وہ اسی حالت میں ہوں گے کہ اللہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی طرف وحی کریں گے : بے شک میں نے اپنے ایسے بندوں کو نکالا ہے جن سے جنگ کرنے پر کسی کا بس نہیں چلے گا ؛ پس میرے بندوں کو لے کر طور کی طرف چلے جاؤ ۔‘‘ (یعنی اس وقت یاجوج ماجوج نکل پڑیں گے؛ یہ ان ہی کے بارے میں ہے ۔) جناب نواس بن سمعان کلابی بیان کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’پھر اللہ تعالیٰ یاجوج ماجوج کو بھیجے گا ؛وہ ارشاد الٰہی کے مطابق ہر بلندی سے دوڑتے ہوئے آئیں گے۔‘‘ آپ نے فرمایا: ان کا پہلا گروہ بحیرہ طبریہ پر سے گزرے گا؛ اور اس کا پورا پانی پی جائے گا؛ پھر جب ان کا دوسرا گروہ وہاں سے گزرے گا تو وہ لوگ کہیں گے: یہاں کبھی پانی ہوا کرتا تھا۔‘‘