کتاب: دنیا کا خاتمہ - صفحہ 307
وہ ان کے مابین دیوار تعمیر کرسکیں ۔ انہوں نے پہاڑ کے دونوں جانب لوہے کے ٹکڑے ڈالے، اور لوگوں سے کہا ان کے نیچے آگ جلا کر انہیں ہوا دو، یہاں تک کہ یہ لوہاپگھل کر سرخ آگ کی طرح ہوجائے، پھر اسے پیتل کے لگن میں ڈال کر اس جگہ تک لے گئے اور وہاں پر اس لوہے کو ڈال دیا، جس کے وجہ سے وہ ایک بہت سخت آہنی دیوار بن گئی۔ اب یاجوج ماجوج اس دیوار کی بلندی کی وجہ سے اسے پھلانگنے سے عاجز آگئے۔ اور آہنی ہونے کی وجہ سے اسے سوراخ کرنے سے رہ گئے۔ اس انتہائی زور دار رکاوٹ کی تعمیر سے ذوالقرنین نے یاجوج ماجوج کو اس کے پیچھے بند کردیا۔ یاجوج ماجوج کون ہیں ؟ ٭ کہا گیا ہے کہ یاجوج ماجوج دو عجمی نام ہیں جیسے طالوت و جالوت۔ ٭ کہاگیا ہے کہ یاجوج ماجوج ان کے قول ’’ اجت النار‘‘( آگ بھڑک اٹھی) سے مشتق ہے۔ یہ اس وقت کہا جاتا ہے جس آگ کے شعلے بھڑک رہے ہوں ۔ ان کے لیے یہ لفظ اس لیے بولا جاتا تھا کہ یہ خبیث قوم زمین میں فساد پھیلاتی پھرتی تھی۔ ٭ اور یہ بھی کہاگیا ہے کہ یہ ’’ الماء الأجاج‘‘ (نمکین پانی )سے مشتق ہے۔ یہ لفظ انتہائی نمکین، کسیلے پانی کے لیے بولا جاتاہے۔ ٭ کہاگیا ہے کہ یہ لفظ ’’اج‘‘ سے مشتق ہے جس کا معنی ہے بہت سخت دشمنی، اچھلنا کودنا۔ یاجوج ماجوج کا دین کیا ہوگا ؟ کیا ان تک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کا پیغام پہنچا ہوگا؟ یاجوج ماجوج بنی آدم میں سے ہیں ۔ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے یہ قول راجح قرارد یا ہے کہ وہ یافث بن نوح کی اولاد میں سے ہیں ۔ وہ بھی آدم اور حوا کے بیٹے ہیں ۔ اس پر وہ حدیث دلالت کرتی ہے جسے سیّدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہ نے نقل کیا ہے ، آپ بیان کرتے ہیں :