کتاب: دنیا کا خاتمہ - صفحہ 304
کچھ اس کتاب کے بارے میں یاجوج وماجوج دو بڑے قبیلے ہیں یا بنی آدم کے دو بڑے گروہ ہیں ۔ جیسا کہ حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے میں وارد ہواہے۔ باقی لوگوں نے یہ جو کچھ کہا ہے کہ: ان میں سے بعض تو بہت چھوٹے ہیں ؛ اور بعض بہت بڑے ہیں ۔ اور ان میں سے بعض ایسے ہیں جو اپنے ایک کان کو بستر کے طور پر بچھالیتے ہیں اور دوسرے کو لحاف کے طور پر اوڑھ لیتے ہیں ۔ اور اس طرح کی دیگر باتیں ، ان کی کوئی اصل حقیقت نہیں ہے۔ بلکہ وہ بھی باقی لوگوں کی طرح حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد میں سے ہیں ۔ مگر ذوالقرنین کے وقت میں وہ زمین میں فساد پھیلانے والی ایک قوم تھے۔ ان کے پڑوسیوں نے حضرت ذوالقرنین سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے درمیان ایک رکاوٹ تعمیر کردیں ۔ تاکہ وہ ان تک نہ پہنچ سکیں ، اور ان کی سر زمین میں فساد نہ پھیلانے پائیں ۔تو جناب ذوالقرنین نے ایسا کردیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خبر دی ہے کہ آخری زمانے میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے خروج کے بعد یہ لوگ بھی نکلیں گے۔ اور زمین میں پھیل جائیں گے۔ اور حضرت عیسیٰ بن مریم اور ان کے ہمراہی مومنین کا بیت المقدس کے ایک پہاڑ کے پاس محاصرہ کرلیں گے۔ یہ وقت مومنوں پر کڑی آزمائش کا وقت ہوگا۔ پھر اللہ تعالیٰ یاجوج ماجوج پر ایک کیڑا مسلط کردے گا؛ جو ان کی گردنوں کو کھائے گا، پس صبح ہوگی تو سارے کے سارے مرے پڑے ہوں گے۔ اور اللہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کو ان کے شر سے محفوظ رکھیں گے۔ آنے والے صفحات میں اس کی پوری تفصیل بیان کی جائے گی۔