کتاب: دعا کے مسائل - صفحہ 30
رجوع کریں اور کتاب و سنت سے ہٹ کر دوسرے عقائد اور اعمال کو بلا تامل ترک کریں۔ اس مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے جہاں ہم نے مسنون ادعیہ و اذکار کا مجموعہ مرتب کیا ہے وہاں کتاب کے آخر میں غیر مسنون ادعیہ و اذکار کا ایک باب بھی شامل کیا ہے تاکہ لوگ غیر مسنون ادعیہ و اذکار سے آگاہ رہیں اور ان سے مکمل اجتناب برتیں۔ یہ بات قابل وضاحت ہے کہ احادیث کے متن میں دعا کے الفاظ بریکٹ(( ))کے اندر کر دیئے گئے ہیں جبکہ اردو ترجمے میں بھی یہی طریقہ اختیار کیا گیا ہے تاکہ ہر آدمی دعائیہ الفاظ کی پہچان آسانی سے کرسکے۔ حسب سابق ہم نے کتاب میں صحیح اور حسن درجے کی احادیث کا معیار قائم رکھنے کی پوری کوشش کی ہے۔ ہم پورے عجز و انکسار کے ساتھ اللہ کے حضور اپنی کم مائیگی اور تہی دامنی کا اعتراف کرتے ہیں۔ کتاب میں حسن و خوبی کے تمام پہلو محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کا نتیجہ ہیں جبکہ خامیاں اور غلطیاں ہماری کوتاہی اور غفلت کے باعث ہیں۔ اللہ کریم سے دعا فرمائیے کہ وہ ہماری خامیوں اور غلطیوں کو اپنے دامن عفو میں جگہ عنایت فرمائے اور کتاب میں خیر و خوبی کے تمام پہلوئوں کو اپنے فضل و کرم سے شرف قبولیت عطا فرمائے۔ آمین! ادارہ حدیث پبلی کیشنز ان واجب الاحترام علماء کرام کا تہہ دل سے شکر گزار ہے جنہوں نے اپنی شبانہ روز مصروفیات سے وقت نکال کر کتاب کی نظر ثانی فرمائی۔ جَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنُ الْجَزَاء! احباب حدیث پبلی کیشنز کے علاوہ مجھے اپنے ان محسنوں کا شکریہ ادا کرنا از بس ضروری ہے جن سے ذاتی تعارف ہے نہ جان پہچان، لیکن اشاعت حدیث کی جدوجہد میں وہ ہمارے شریک سفر ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے خاص فضل و کرم سے تمام حضرات کی مساعی جمیلہ کی دنیا و آخرت میں عزت افزائی فرمائے۔ آمین ! ﴿رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا اِنَّکَ اَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ﴾(127:2) ’’اے پروردگار! تو ہماری یہ خدمت قبول فرما، بے شک تو خوب سننے والا اور جاننے والا ہے۔‘‘ محمد اقبال کیلانی عفی اللّٰه عنہ جامعہ ملک سعود، الریاض المملکۃ العربیۃ السعودیۃ 13 ذی القعدہ 1411ھ 27مئی 1991ء