کتاب: دعا کے مسائل - صفحہ 28
کو قبولیت دعا کا شرف حاصل ہے۔درودشریف کا ذکر قیامت کے دن رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی سفارش کا باعث ہوگا۔ قرآن مجید کو خود اللہ کریم نے ذکر بتایا ہے جس کی تلاوت کے ایک ایک حرف پر دس نیکیاں ملتی ہیں۔اس کے علاوہ صبح وشام کے اذکار، سونے جاگنے کے اذکار،کھانے پینے کے اذکار، توبہ استغفار اور استغاذہ کے اذکار،دنیا و آخرت کی بھلائی طلب کرنے کے اذکار، غرض بے شمار ایسے ادعیہ و اذکار ہیں جو صحیح احادیث سے ثابت ہیں جن پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود بھی عمل کیا اور امت کو بھی اس پر عمل کرنے کی ترغیب دلائی۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتلائے ادعیہ و اذکار کو ترک کرکے غیر مسنون اور خود ساختہ ادعیہ و اذکار پر عمل کرنا ان کی دعوت دینا اور ان کی اشاعت کرنا اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے یا مخالفت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے یا بغاوت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ؟ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پرایمان لانے کا تقاضا یہ ہے کہ زندگی کے ہر معاملہ میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے جو عمل ثابت نہ ہو وہ کرکے اللہ کے غضب کو دعوت نہ دی جائے کہ اہل ایمان کو ایسا کرنے سے منع فرمایا گیا ہے۔ ﴿یٰٓـاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لاَ تُقَدِّمُوْا بَیْنَ یَدَیِ اللّٰہِ وَرَسُوْلِہٖ وَاتَّقُو اللّٰہَ﴾(1:49) ’’اے لوگو! جو ایمان لائے ہو اللہ اور اس کے رسول سے آگے نہ بڑھواور اللہ سے ڈرتے رہو۔‘‘(سورۃ الحجرات، آیت نمبر1) حذراے چیرۂ دستاں : بعض صحیح احادیث میں مختلف ادعیہ و اذکار کا بہت زیادہ اجر و ثواب اور دینی و دنیاوی فوائد بتائے گئے ہیں مثلاً جو شخص دن میں سو مرتبہ((سُبْحَان اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ))پڑھے تو اس کے گناہ خواہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہوں معاف کردئیے جاتے ہیں۔(بخاری و مسلم) ایک دوسری حدیث میں ہے جو شخص صبح و شام سات مرتبہ((حَسْبِیَ اللّٰہُ لاَ اِلٰہَ اِلاَّ ھُوَ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَھُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ))پڑ ھے اللہ اس کے دین و دنیا کے سارے فکر دور کر دیتا ہے۔(ابوداؤد)اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے۔ سورۃ حشر کی آخری تین آیات ﴿ھُوَ اللّٰہُ الَّذِیْ لاَ اِلٰہَ اِلاَّ ھُوَ﴾ صبح کے وقت پڑھنے والے کے لئے اللہ تعالیٰ ستر ہزار فرشتے مقرر کر دیتا ہے جو شام تک اس کے لئے دعا کرتے ہیں اگر اسی دن مر جائے تو شہادت کا مرتبہ پاتا ہے۔ اسی طرح شام کے وقت یہ آیات