کتاب: دوستی اور دشمنی (کتاب و سنت کی روشنی میں) - صفحہ 118
اِقْتَضَاءُ الْوَلاَءِ لِلّٰہِ سُبْحَانَہٗ وَتَعَالٰی اللہ تعالیٰ سے محبت کے تقاضے مسئلہ 90:اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک نہ کیاجائے۔ ﴿اِنَّہُ مَنْ یُّشْرِکْ بِاللّٰہِ فَقَدْ حَرَّمَ اللّٰہُ عَلَیْہِ الْجَنَّۃَ وَمَاوَاہُ النَّارُ ط وَمَا لِلْظّٰلِمِیْنَ مِنْ اَنْصَارٍ﴾(72:5) ’’جس نے اللہ کے ساتھ شریک ٹھہرایا اس پر اللہ نے جنت حرام کردی اور اس کا ٹھکانہ جہنم ہے ایسے ظالموں کے لئے کوئی مددگار نہیں۔‘‘(سورہ المائدہ،آیت نمبر72) مسئلہ 91:اللہ تعالیٰ کا نام انتہائی ادب اور احترام سے لیا جائے نیزکسی غلیظ اور گندی جگہ پر اللہ تعالیٰ کا نام لیاجائے نہ ذکر کیا جائے۔ ﴿سَبِحِّ اسْمَ رَبِّکَ الْاَعْلٰی﴾(1:87) ’’اپنے اعلیٰ رب کے نام کو پاک رکھو۔‘‘(سورۃ الاعلیٰ،آیت نمبر1) مسئلہ 92:اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ چیزوں سے محبت کی جائے۔ ﴿وَمَنْ یُّعَظِّمْ حُرُمٰتِ اللّٰہِ فَہُوَ خَیْرٌ لَّہٗ عِنْدَ رَبِّہٖ ط﴾(30:22) ’’اور جو شخص اللہ تعالیٰ کی احترام والی چیزوں کی عزت کرے تو یہ طرز عمل اس کے لئے اس کے رب کے نزدیک بہتر ہے۔‘‘(سورۃ الحج،آیت نمبر30) وضاحت: اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ چیزوں کی چند مثالیں درج ذیل ہیں: 1.دین اسلام۔2. ایمان،نماز،روزہ،زکاۃ،حج،جہاد فی سبیل اللہ وغیرہ اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ اعمال ہیں۔3.انبیاء،صلحاء اور شہداء اولیاء سے اللہ تعالیٰ محبت فرماتے ہیں۔4.ماہ رمضان،عیدین،عشرہ ذوالحجہ،عاشور،یوم عرفہ اور جمعہ کا دن اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ ایام ہیں۔5. حرمین شریفین،مسجد اقصیٰ اور دیگر مساجد اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ جگہیں ہیں۔(مسلم) مسئلہ 93:اللہ تعالیٰ کی ناپسندیدہ چیزوں کو ناپسند کیا جائے۔