کتاب: دوستی اور دشمنی (کتاب و سنت کی روشنی میں) - صفحہ 117
ہے۔‘‘ اسے طبرانی نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 88:اللہ تعالیٰ سے محبت ہی مومن کے ایمان میں حلاوت پیدا کرتی ہے۔ وضاحت: حدیث مسئلہ نمبر 73کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔ مسئلہ 89:اللہ کے لئے محبت کرنے والے کویہ دعا دینی چاہئے ’’اللہ تجھ سے محبت کرے۔‘‘ عَنْ اَنَسِ بْنِ مَالِکٍ رَضی اللّٰه عنہ اَنَّ رَجُلاً کَانَ عِنْدَ النَّبِیِّ صلی اللّٰه علیہ وسلم فَمَرَّبِہٖ رَجُلٌ فَقَالَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم!اِنِّیْ لَاُحِبُّ ہٰذَا فَقَالَ لَہُ النَّبِیُّ صلی اللّٰه علیہ وسلم((أَ عْلَمْتَہٗ))قَالَ لاَ،قَالَ((اَعْلَمْہُ))قَالَ:فَلَحِقَہٗ فَقَالَ:اِنِّیْ اُحِبُّکَ فِی اللّٰہِ،فَقَالَ:اُحِبُّکَ الَّذِیْ اَحْبَبْتَنِیْ لَہٗ۔رَوَاہُ اَبُوْدَاؤٗدَ[1] (حسن) حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اتنے میں ایک آدمی وہاں سے گزرا تو اس شخص نے کہا ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم!میں اس آدمی سے محبت کرتا ہوں۔‘‘ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا ’’کیا تو نے اسے بتایا ہے؟‘‘ اس نے عرض کیا ’’نہیں!‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اسے آگاہ کردے۔‘‘ چنانچہ وہ آدمی اس کے پیچھے گیا اور اسے بتایا ’’میں تم سے اللہ تعالیٰ کے لئے محبت کرتا ہوں۔‘‘جواب میں اس نے اسے یہ دعا دی ’’تجھ سے وہ ذات محبت کرے جس کے لئے تو نے مجھ سے محبت کی۔‘‘ اسے ابوداؤد نے روایت کیا ہے۔
[1] کتاب الادب ، باب الرجل یحب الرجل علی خیرا مرہ.