کتاب: دن اور رات میں 1000 سے زیادہ سنتیں - صفحہ 97
’ کافی ہو جانے سے ‘مراد کیا ہے؟اس میں علماء کا اختلاف ہے۔بعض کا کہنا ہے کہ قیام اللیل سے کافی ہو جاتی ہیں اور بعض کہتے ہیں کہ ہر برائی اور شر سے کافی ہوجاتی ہیں اور بعض نے مذکورہ دونوں معانی مراد لئے ہیں۔ (الاذکار۔النووی رحمہ اللہ) ٭ سورۃ الکافرون کا پڑھنا جس کی فضیلت حدیث میں یوں ہے: ’’ یہ سورت شرک سے براء ت ہے۔‘‘ [ابو داؤد،ترمذی،احمد،ابن حبان،حاکم نے اسے صحیح کہا ہے اورالذہبی نے ان کی موافقت کی ہے۔اور ابن حجر اور البانی نے اسے حسن قرار دیا ہے] ٭ سونے کی سنتوں میں سے ایک سنت یہ بھی ہے کہ باوضو سوئے۔ایک حدیث میں ہے کہ ’’ جب تم بستر پر آنے کا ارادہ کرو تو وضو کرلیا کرو۔‘‘ [بخاری،مسلم] ٭ اسی طرح ایک سنت یہ بھی ہے کہ دائیں پہلو پر سوئے۔ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: ’’ …پھر اپنے دائیں پہلو پر لیٹ جانا۔‘‘[بخاری ومسلم] ٭ ایک سنت یہ ہے کہ اپنا دایاں ہاتھ دائیں رخسار کے نیچے رکھے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سوتے تو اپنا دایاں ہاتھ اپنے رخسار کے نیچے رکھ لیتے۔ [ابو داؤد]