کتاب: دفاع صحابہ و اہل بیت رضوان اللہ اجمعین - صفحہ 12
اور پھر ان کا مقام و مرتبہ واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
﴿هُوَ الَّذِي أَيَّدَكَ بِنَصْرِهِ وَبِالْمُؤْمِنِينَ ﴾ (الانفال:۶۲)
’’بے شک وہی اللہ ہے جس نے آپ کو اپنی مدد سے اور مومنوں سے قوت بخشی۔‘‘
یہی بہترین اور پاکیزہ لوگ صاف دلوں والے پاکیزہ روحوں والے تھے جن کے دلوں کو اللہ تعالیٰ نے اپنے لیے چن لیا تھا اور انہیں جان و مال اور اہل عیال اور گھر بار کی محبت سے پاک کردیا تھا۔ ان لوگوں نے اللہ تعالیٰ کے دین کی نصرت کی خاطر نہ صرف گھربار اور دوست و احباب کو چھوڑا بلکہ اس راہ میں اپنے باپ، بیٹے، بھائی اور دوست کا خون بہانے سے دریغ نہ کیا۔
ان لوگوں نے انتہائی صبر و استقامت اور کشادہ دلی کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے اجر و ثواب کی امید پر اپنی جانیں اور اپنے اموال اس کی راہ میں قربان کردیے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کو ہر ایک کی رضا پر ترجیح دی خواہ وہ کتنا ہی پیارا دوست یا قریبی کیوں نہ ہو۔
بیشک مہاجرین وہ لوگ تھے جنہیں اللہ کی راہ میں ان کے گھروں اور اموال سے نکالا گیا اوروہ اللہ تعالیٰ کی رضامندی اور اس کے فضل کی تلاش میں اللہ اور اس کے رسول کی نصرت کرتے رہے؛ یہ لوگ حقیقت میں صدق و صفا کے پیکر مجسم تھے۔
پھر ان کے بھائیوں انصار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا درجہ آتا ہے جو کہ حقیقی معنوں میں مونس و غمخوار تھے۔جو ایثار و قربانی کا لازوال و بے مثال نمونہ تھے۔ عرب میں ان جیسا کوئی دوسرا پڑوسی نہیں دیکھا گیا۔ ان لوگوں کے شہر کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے امن اور قرار کی جگہ قرار دیا۔ یہ پاک فطرت، پاکیزہ دل، صابر و شاکر اور راضی برضا رہنے والے ایسے لوگ تھے جن کی تعریف اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں ان الفاظ میں بیان کی ہے :
﴿ وَالَّذِينَ تَبَوَّءُوا الدَّارَ وَالْإِيمَانَ مِنْ قَبْلِهِمْ يُحِبُّونَ مَنْ هَاجَرَ إِلَيْهِمْ وَلَا يَجِدُونَ فِي صُدُورِهِمْ حَاجَةً مِمَّا أُوتُوا وَيُؤْثِرُونَ عَلَى أَنْفُسِهِمْ وَلَوْ كَانَ بِهِمْ خَصَاصَةٌ ﴾(الحشر: ۹)
’’اور (ان کے لیے) جنھوں نے ان سے پہلے اس گھر میں اور ایمان میں جگہ بنا لی ہے، وہ ان سے محبت کرتے ہیں جو ہجرت کر کے ان کی طرف آئیں اور وہ اپنے سینوں میں اس چیز کی کوئی خواہش نہیں پاتے جو ان (مہاجرین) کو دی جائے اور اپنے آپ پر ترجیح دیتے ہیں ، خواہ انھیں سخت حاجت ہو۔‘‘
اہل سنت و الجماعت وہ لوگ ہیں جن کے دل ان اہل ایمان کی محبت سے بھرے ہوئے ہیں اور وہ ان کی فضیلت اور برتری کے تہہ دل سے معترف اور اس پر اللہ کے شکر گزار ہیں اوران تمام لوگوں سے برأت کا