کتاب: دینی تعلیم و تربیت کے اصول و آداب - صفحہ 10
کیے ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ طلبائے علم کے لیے تشجیع و ترغیب کی خاطر علمائے سلف اور عصرِ حاضر کے ائمہ تجدید کے حیرت انگیز واقعات اور سبق آموز نصائح کا تذکرہ بھی کیا ہے۔
یہ رسالہ دراصل ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ لاہور میں شائع ہونے والی آٹھ اقساط کا مجموعہ ہے،جو اس کی اشاعت 13 مئی 1994ء تا 8 جولائی 1994ء میں طباعت پذیر ہوئیں اور اب افادیت کی خاطر اسے یکجا شائع کیا جا رہا ہے،تاکہ دینی علوم کے طلبا اسے پڑھ کر اپنے لیے نصیحت و موعظت کا سامان جمع کر سکیں اور ائمہ دین کے حیران کن قصص دیکھ کر علم کی راہ میں موجود مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس راہ میں موجود عملی کوتاہیوں سے اپنے دامن کو آلودہ ہونے سے بچا سکیں۔
اظہارِ تشکر:
سب سے پہلے ہم اﷲ رب العزت کے شکر گزار ہیں،جس کے فضل و احسان کی بنا پر ہمیں اس علمی خزینے کی خدمت و اِشاعت کی توفیق میسر آئی،پھر ہم ان تمام اَحباب و اِخوان کے ممنون ہیں،جنھوں نے کسی بھی مرحلے پر ہماری معاونت اور حوصلہ افزائی کی،خصوصاً فضیلۃ الشیخ فلاح خالد المطیری حفظہ اللہ(مدیر لجنۃ القارۃ الہندیہ،کویت) اور محترم المقام مولانا عارف جاوید محمدی حفظہ اللہ(مدیر مرکز دعوۃ الجالیات،کویت) ہمارے خصوصی شکریے کے سزاوار ہیں،جن کے تعاون اور سرپرستی کی وجہ سے اس علمی تراث کا احیا عمل میں آیا۔نیز معروف عالمِ دین مولانا عبدالخالق محمد صادق آف کویت بھی ہمارے شکریے کے مستحق ہیں،جنھوں