کتاب: دین کے تین اہم اصول مع مختصر مسائل نماز - صفحہ 62
((صَلٰوۃُ اللّٰہِ ثَنَائُ ہٗ عَلٰی عَبْدِہٖ فِیْ الْمَلَائِ الْاَعْلٰی )) (صحیح بخاری )
’’اللہ تعالیٰ کی طرف سے صلوٰۃ اُس کا ملاء اعلیٰ میں اپنے بندے کی تعریف کرنا ہے ‘‘۔
اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ ( اللہ تعالیٰ کی طرف سے صلوٰۃ کا معنٰی رحمت نازل کرنا ہے )
جبکہ پہلا معنٰی ہی زیادہ صحیح ہے ۔
جب صلوٰۃ فرشتوں کی طرف سے ہو تو اس کا معنیٰ استغفار اور طلبِ بخشش ہوتا ہے اور جب صلوٰۃ آدمیوں کی طرف سے ہوتو اس کا معنیٰ دعاء ہوتا ہے ۔
وَبَارِکْ سے لیکر آخر تک سُننِ اقوال وافعال ہیں۔
چودہواں رکن سلام پھیرنا
نماز کا چودہواں رکن ( التحیات ‘ درود ِ شریف اور دعاء کے بعد ) دونو ں طرف سلام پھیرنا ہے ۔
(٭اس چودہویں رکن کا ذکر مؤلّف نے شروع میں ہی کردیا ہے اور آخر میں نہیں کیا، جبکہ ترتیب کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہم نے یہاں دوبارہ ذکر کر دیا ہے اور اس کی دلیل رسول ِ عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی وہ حدیث ہے جو دوسرے رکن کے تحت مذکور ہے ‘ جس کے الفاظ یہ ہیں :
(( تَحْرِ یْمُھَا التَّکْبِیْرُ وَ تَحْلِیْلُھَا التَّسْلِیْمُ ))
اور اسکا ترجمہ وحوالہ جات وہیں گزر چکے ہیں۔ ٭ )
واجبات ِ نماز
نماز کے واجبات آٹھ ہیں۔
۱۔تکبیرِ تحریمہ ( جوکہ رکن ہے اُس ) کے سوا باقی تمام تکبیریں۔
۲۔رکوع کی حالت میں یہ کہنا :سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظِیْمُ’’ پاک ہے تو اے اللہ عظمت والے !‘‘