کتاب: دعوۃ الی اللہ اور داعی کے اوصاف - صفحہ 14
کہ آپ ان کے مختلف فیہ امور میں انکے لیے وضاحت کریں اور یہ ایمان والی قوم کے لیے رحمت ہے۔‘‘
اللہ تعالیٰ نے آسمان سے کتابِ مقدّس نازل فرمائی تاکہ وہ لوگوں کے مابین پائے جانے والے اختلافات میں حکمِ الٰہی بیان کرے اور وہ لوگ جن امور سے جہالت میں مبتلا ہیں ان کے متعلق شریعت ِالہیّہ کے احکام بتائے اور لوگوں کو شریعت کے التزام اور حدودُ اللہ کے قیام کا حکم دے، اور وہ امور جو ان کے حق میں فی الوقت یا بدترمضرّت رساں ہیں ، ان سے انہیں روکے۔
اس سلسلۂ انبیاء ورسل کی آخری کڑی جو اپنے ماسبق تمام انبیاء ورسل سے افضل اورانکے امام وسردار ہمارے نبی وامام حضرت محمد بن عبداللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں جن پر آکر اللہ نے اس سلسلہ کو ختم کردیا۔
حضرت محمدِمصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اور تمام انبیاء کرام پر اللہ تعالیٰ کی افضل ترین رحمتیں اور لاکھوں سلام ہوں ۔
دعوت وتبلیغ میں ایذائیں
اور صبر واستقلال
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کا پیغام لوگوں کو پہنچایا،امانتِ الہیہ کو ادا کیا۔امت سے خیر خواہی کی لوگوں کو اللہ کی توحید سکھلانے کے لیے بھرپور کوشش کرکے جہاد کا حق اداکردیا۔لوگوں کو اللہ کی طرف خفیہ واعلانیہ دعوت دی اور اللہ کی راہ میں شدید اذیّتیں برداشت کیں ، مگر صبر واستقلال کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے رسولوں نے صبر وضبط سے کام لیا تھا۔