کتاب: دعوت دین کون دے؟ - صفحہ 15
کتاب کی تیاری میں پیش نظر باتیں :
توفیق الٰہی سے اس سلسلے میں درج ذیل باتوں کا اہتمام کرنے کی کوشش کی گئی ہے:
۱: کتاب کے لیے بنیادی معلومات قرآن و سنت سے حاصل کی گئی ہیں ۔
۲: موضوع کتاب کے متعلقہ واقعات نقل کرنے کی غرض سے سیرت اور تاریخ کی بعض کتابوں سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔
۳: احادیث شریفہ کو عام طور پر ان کے اصل مآخذ و مراجع سے نقل کیا گیا ہے۔
۴: صحیحین کے علاوہ دیگر کتب سے نقل کردہ احادیث کے متعلق علمائے حدیث کے اقوال پیش کیے گئے ہیں ۔ صحیح بخاری اور صحیح مسلم کی احادیث کی صحت پر اجماع اُمت کے پیش نظر، اہل علم کے ان کے متعلق اقوال کو ذکر نہیں کیا گیا۔ [1]
۵: آیاتِ کریمہ اور احادیث شریفہ سے استدلال کرتے وقت تفاسیر اور شروح حدیث سے مقدور بھر استفادہ کیا گیا ہے۔
۶: موضوع کے حوالے سے حضرات انبیاء علیہم السلام ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ، سلف صالحین اور دیگر لوگوں کے تمام واقعات کا احاطہ کرنا مقصود کتاب نہیں ۔ دعوتِ دین کے بارے میں صحیح صورتِ حال پیش کرنے اور اس کو واضح کرنے کی خاطر ان میں سے صرف چند واقعات ذکر کیے گئے ہیں ۔
۷: موضوع کتاب کے بارے میں متوقع غلط فہمیوں کے ازالہ کی غرض سے تنبیہات کے عنوان سے تین ضروری باتیں عرض کی گئی ہیں ۔
۸: کتاب کے آخر میں مصادر و مراجع کے متعلق تفصیلی معلومات درج کر دی گئی ہیں ۔
خاکہ کتاب:
پیش لفظ
مطلب اوّل: دعوتِ دین کا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہونا
[1] ملاحظہ ہو: مقدمۃ النووي بشرحہ علی صحیح مسلم ص۱۴؛ ونزھۃ النظر في توضیح نخبۃ الفکر للحافظ ابن حجر ص۲۹۔