کتاب: تاریخ وتعارف مدرسہ دار الحدیث رحمانیہ دہلی - صفحہ 199
زادے محترم جناب شیخ محمد صاحب نے اپنی خاص کوٹھی کی کنجیاں مرحمت فرما دی تھیں ۔ اس لیے سب نے آپ ہی کی کوٹھی میں قیام کیا، جو نہایت ہوا دار اور آرام دہ جگہ ہے۔۔۔۔۔ ’’عالی قدر محترم جناب حاجی شیخ عبدا لوہاب صاحب مہتمم مدرسہ نے پچھلے سال کی طرح اس سال بھی لڑکوں میں تقسیم کرنے کے لیے بالکل نئے پیسے بھجوا دیے تھے۔ پیسے ایسے خوب صورت اور جاذبِ نظر تھے کہ دیکھنے میں سونے کی گنی معلوم ہوتے تھے۔ آٹھ آٹھ آنے کی الگ الگ گڈیاں بنی ہوئی تھیں ۔ سب کو ایک ایک گڈی دے دی گئی۔ اس سے ان کی خوشی کے جذبات چند در چند زیادہ ہوگئے۔ وہاں پہنچ کر اِدھر اُدھر پہاڑیوں پر تفریح کے لیے لوگ منتشر ہوگئے۔ مغرب کے بعد کھانے کے لیے دستر خوان چن دیا گیا۔ بہترین پراٹھے، قورما اور کھیر سے سب کی تواضع کی گئی، جو دہلی کے مشہور باورچیوں کو وہیں بھیج کر تیار کرائے گئے تھے۔ رات نہایت لطف سے گزری۔ ۶؍ جولائی کی صبح کو تقریباً آٹھ بجے جناب مہتمم صاحب برف کی سلی اور قلمی آموں کی ایک کثیر مقدار لے کر وہاں پہنچ گئے۔ آپ کی تشریف آوری سے ہمارے دل باغ باغ ہوگئے۔ تھوڑی دیر تک آپ اساتذہ کے ساتھ باتوں میں مشغول رہے اور پھر اپنی ضرورت کی وجہ سے جلد ہی واپس آگئے۔ ہم لوگ تقریباً گیارہ بجے کھانے سے فارغ ہوئے۔ اس وقت بھی کھانے کا بہترین انتظام تھا۔ کافی تعداد میں سب کو آم ملے۔ برف کا ٹھنڈا پانی ہر وقت تیار رہتا تھا۔ الغرض ہر طرح کی راحت و آسایش کے ساتھ دن گزار کر تقریباً چھے بجے شام کو انہی لاریوں کے ذریعے خوش خوش مدرسے واپس آگئے۔