کتاب: تاریخ وتعارف مدرسہ دار الحدیث رحمانیہ دہلی - صفحہ 167
۲۲؍ مئی ۴۶ء بروز بدھ زیر صدارت حضرت مولانا محمد یونس صاحب دہلوی اپنی خصوصی شان کے ساتھ منعقد ہوا۔ آٹھ طلبا نے عربی و اُردو میں مختلف عنوانوں پر بہترین تقریریں کیں ، جن کو جناب صدر نے بہت پسند کیا اور طلبا و اساتذہ کی محنت کی داد دی۔۔۔ آخر میں صدر نے ایک مبسوط تقریر فرمائی، جو موقع کے لحاظ سے بہت مفید اور قیمتی تھی۔۔۔ اسی دن شام کو مہتمم صاحب مدظلہ العالی کی طرف سے کتبِ دینیہ خصوصاً بخاری شریف کے ختم ہونے کی خوشی میں شیرینی بھی تقسیم کی گئی۔‘‘[1] اس کے علاوہ مختلف مناسبتوں مثلاً عید الاضحیٰ ،محرم الحرام، ربیع الاول وغیرہ کے موقع سے بھی مدرسے کے اندر جلسوں کا انعقاد ہوا کرتا تھا، جس میں عوام و خواص پوری دلچسپی سے حصہ لیتے اور استفادہ کرتے۔ ملاحظہ ہو عید الاضحیٰ کی مناسبت سے منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی مختصر رپورٹ: ’’۸؍ ذی الحجہ مطابق ۱۸؍ جنوری ۱۹۴۰ء بروز جمعرات کو ’’جمعیۃ الخطابۃ‘‘ کا ایک شان دار خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں حضرت ابراہیم خلیل اﷲ اور حضرت اسماعیل ذبیح اللہ علیہما السلام کی بے نظیر قربا نیوں اور ان کی زندگی کے دوسرے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ مدرسے کے شعرا نے بھی خوب خوب طبع آزمائی کی اور گرمیِ محفل کا سامان بہم پہنچایا۔ حسبِ دستور اس خصوصی اجلاس کا پروگرام بھی اپنی معنوی خوبیوں کے ساتھ ظاہری آرایش و زیبایش سے بھی خوب مزین تھا۔ تقریباً ساڑھے سات بجے سے لے کر بارہ بجے تک یہ بزمِ احباب بڑی دلچسپی کے ساتھ جاری رہی۔‘‘[2]
[1] رسالہ ’’محدث‘‘ دہلی (جولائی ۱۹۴۶ء، ص: ۲۴) [2] رسالہ ’’محدث‘‘ دہلی (مارچ ۱۹۴۰ء، ص: ۲۲)