کتاب: دلائل ہستی باری تعالیٰ - صفحہ 6
مضامین جو کسی کتاب میں نظر پڑے یا بطور خود جن دلائل کو ہستی باری تعالیٰ کے لئے میں نے مؤید پایا ان سب کو اس میں جمع کر دیا ہے۔ ممکن ہے میری طرح کچھ اور متلاشیانِ حق کے دلوں کے شکوک جو اسی طرح اور اسی وضع کے پیش آتے ہوں وہ اس کے مطالعہ سے رفع ہو جائیں۔ اور ان کے ذہنی سوال و مذہبی عقیدت کی باہمی جنگ ختم ہو جائے۔ اکثر ایسا ہوا کہ میں نے خطبہ ٔ جمعہ میں کوئی مضمون شروع کیا یکایک ذہن کی توجہ ہستی باری تعالی پر بھی ہوگئی۔ اور کچھ فوائد بیان ہو گئے۔ بعد میں میں ا ن کو نوٹ بھی کر لیتا۔ پس یہ رسالہ انہی أشْتَات و متفرقات کا مجموعہ ہے۔ نکتہ سنجانِ علم وعقل کے لئے یہ خاصہ اس عرضداشت کے ساتھ حاضر ہے کہ
قبا گر حریر است د گر پرنیاں بنا چار حشوش بود درمیاں
تو گر پرنیانی بایذا مکوش کرم کار فرما وحشوم بپوش
اللہ تعالی میری اس ناچیز سعی کو بھی خلعت قبول سے نوازے اور اسے میرے اعمال سیئہ کا بدل اور ثواب کا ایک ذخیرہ اپنی رحمت سے ٹھہرائے۔ (آمین)
خادم
عبدالر ؤف خان بن نعمت اللہ خان (رحمہ اللہ علیھما)