کتاب: دلائل ہستی باری تعالیٰ - صفحہ 14
گدڑیوں کو عالم کا سلطاں بنایا
وحوش اور بہائم کو انساں بنایا
اسی طرح مذہب کو عقل و سائنس کے خلاف سمجھنا بھی محض خو ش فہمی ہے سائنس کا فیصلہ ابھی مذکور ہو چکا ہے کہ وہ کس طرح عالم غیب و خدا کی معترف ہے اور عقل کی حالت اور اس کی رسائی کی حقیقت بھی ابھی واضح کی جا چکی ہے۔
اللہ کے تصور پر تمام اہل مذاہب کا اتفاق
اور یہ بھی امرِ واقعہ ہے کہ دنیا میں تمام مذہبی جماعتیں خداکے اقرار پر متفق ہیں سناتن دھرمی ہوں یا آریہ سماج ،عیسائی ہوں یا یہودی، بدھ ہوں یا جینی یہ تمام جماعتیں مسلمانوں کی طرح خدا کی ہستی اور وجود پر بالکل اتفاق رکھتی ہیں شیخ سعدیؔ بوستان میں کیا خوب فرماتے ہیں ؎
جہاں متفق برالہتٰش
فرو ماندہ در کنہ ماہتش
زیادہ سے زیادہ باہمی جھگڑا یہ ہے کہ دیگر مذاہب میں اللہ کی صفات مکمل طور پر بیان نہیں ہوئیں یا یہ کہ اللہ کی صفاتِ عالیہ کی تصویر ان کتابوں میں کچھ غلط آگئی ہے باقی نفسِ وجودِ خدا پر ان تمام مذاہب کا بالکل اتفاق ہے۔ تمام ادیان و ملل کا یہ اتفاق بجائے خود اللہ کی ہستی پر ایک دلیل قاطع ہے کیونکہ ایسا اتفاق ادیان عالم کا کسی کذب محض پر عقلاً ناممکن ہے اب ہم اس جگہ کئی طرح سے ہستی خدا پر دلائل نقل کریں گے جن سے انشاء اللہ تعالی عقل انسانی کی بہت کچھ تسلی و تشفی ہو جائے گی۔ لیکن تبرکاً آئمہء کرام کے چند سادہ دلائل بھی تفسیر کبیر سے نقل کرتے ہیں جو اہل فہم و صاحبان بصیرت کے لئے معقول و واضح ہیں۔