کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 695
مولانا حکیم محمود رحیم آبادی مولانا حکیم ابو مسعود محمود بن عبد الرحیم بن احمد اللہ صدیقی رحیم آبادی جید عالم، طبیب اور واعظ تھے۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم اپنے والد کی زیرِ نگرانی حاصل کی۔ تکمیلِ علم دہلی میں سیّد نذیر حسین محدث دہلوی سے کی، اس کے بعد طب پڑھی۔ فارغ التحصیل ہونے کے بعد وعظ و تبلیغ اور طبابت میں مشغول ہوئے۔ ان کے برادرِ اصغر مولوی محمد رحیم آبادی لکھتے ہیں : ’’مولانا مولوی حکیم محمود صاحب رحیم آبادی جب سے علومِ درسیہ و فنونِ رسمیہ سے فراغِ کامل حاصل فرما کر رونق افزائے وطن مالوف ہیں ، شب و روز علومِ دینیہ کی خدمت اور بندگانِ خدا کی نفع رسانی و افادت میں ہمہ تن مشغول و مصروف ہیں ۔ یوں تو آپ کی ذاتِ قدسی صفات ہر قسم کے فیوض و برکات کو جامع و شامل ہے مگر خصوصاً معالجۂ امراض ظاہر و باطن، یعنی شغلِ طبابت و وعظ و نصیحت کے ساتھ آپ کو ایک خاص فطرتی مناسبت اور خدا داد عام مقبولیت حاصل ہے۔‘‘[1] مولانا محمود کی تحریری خدمات میں ان کے دو مختصر کتابچوں کا ذکر ملتا ہے: 1 توفیر الخیرات بتذکیر الزکاۃ و الصدقات۔ 2 تذکیر قرآنی در بیان قربانی۔ یہ دونوں کتابچے اصلاً مولانا کے وعظ و ارشاد پر مشتمل ہیں جنھیں مولانا نے کتابی شکل میں مرتب کر دیا ہے۔ یہ کتابچے اکٹھے مطبع انتظامی کان پور سے ۱۳۱۹ھ/ ۱۹۰۱ء میں طبع ہوئے۔ صفحات کی مجموعی تعداد ۲۴ ہے۔[2]
[1] توفیر الخیرات بتذکیر الزکاۃ و الصدقات (ص: ۲) [2] چائنہ اسکیم، لاہور سے تعلق رکھنے والے ہمارے ایک جواں سال دوست محمد عبد اللہ ہیں جو نہایت عمدہ کتابی ذوق رکھتے ہیں ، مذکورہ کتابچہ ہمیں انھیں کے توسط سے ملا ہے، جس کے لیے راقم ان کا شکر گزار ہے۔