کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 541
مولانا حکیم عبد الحی ہاتفؔ پچنوی (وفات: ۶ صفر المظفر ۱۳۶۰ھ/ ۵ مارچ ۱۹۴۱ء) مولانا حکیم سیّد عبد الحی ہاتفؔ بن ولایت حسین بن واجد حسین بن جمال علی بن فیاض حسین پچنوی اپنے دور کے مشہور شاعر، طبیب اور عالمِ دین تھے۔ پچنہ: ضلع مونگیر کے بالکل مغربی حصے میں شیخ پورہ سے صرف تین میل کے فاصلے پر واقع موضع پچنہ اہلِ علم و سادات کی معروف بستی ہے۔ ڈاکٹر رفعت آراء لکھتی ہیں : ’’پچنہ کی مردم خیزی کا کمال یہ ہے کہ ایک چھوٹا سا گاؤں ہونے کے باوجود عہدِ ہاتفؔ تک وہاں ایک سے ایک با کمال شاعر اور عالم پیدا ہوتے رہے۔ افسوس کہ مرورِ ایّام نے آج ان کی یادگار باقی نہ رکھی۔‘‘[1] میر ولایت حسین: مولانا ہاتفؔ کے والد میر ولایت حسین سانولے رنگ، میانہ قد، چوڑا چہرہ اور گداز بدن کے تھے۔ انھوں نے دو شادیاں کی تھیں ۔ حکیم عبد الحی ہاتفؔ محل ثانی سے تھے۔ ولایت حسین محکمہ پولیس سے ریٹائر ہوئے۔ اپنی پنشن لانے کے لیے مونگیر جایا کرتے تھے۔ معمولی زمینداری بھی تھی۔ آخر عمر میں نسیان کا عارضہ ہو گیا تھا۔ تقریباً ۵۰ یا ۶۰ سال کی عمر میں ۱۹۱۳ء یا ۱۹۱۴ء میں وفات پائی۔[2] ولادت و تربیت: مولانا ہاتفؔ پچنوی کی ولادت تقریباً ۱۸۸۱ء میں ہوئی۔ انھوں نے علمی و ادبی ماحول میں
[1] حیات اور شاعری حکیم سید عبد الحی ہاتفؔ (ص: ۴۴) [2] میر ولایت حسین کے حالات کے لیے ملاحظہ ہو: حیات اور شاعری حکیم سید عبد الحی ہاتفؔ (ص: ۵۵)