کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 520
مولانا محمد ذاکر گیاوی
مولانا محمد ذاکر گیاوی جید عالم ومدرس تھے۔ مولانا سیّد محمد اسحاق بڈوسری گیاوی سے کسبِ علم کیا اور انھیں کے فیضِ صحبت سے مسلکِ اہلِ حدیث اختیار کیا۔ اپنے استادِ گرامی مولانا اسحاق کے ایماء پر کتبِ حدیث و تفسیر کی تحصیل کے لیے دہلی تشریف لے گئے، جہاں شیخ الکل سیّد نذیر حسین محدث دہلوی سے اخذِ علم کیا۔
مولانا ذاکر طبعاً درس و تدریس کی جانب مائل تھے۔ حیدر آباد دکن کے ایک مدرسے میں مدرس مقرر ہوئے اور ایک عرصہ تک فرائضِ تدریس انجام دیتے رہے۔ افسوس ضلع گیا سے تعلق رکھنے والے دبستانِ نذیریہ کے اس رکن کے تفصیلی حالات سے آگاہی نہ ہو سکی۔ [1]
[1] الحیاۃ بعد المماۃ (ص: ۳۴۷)، ہفت روزہ ’’اہلِ حدیث‘‘ (امرتسر) ۲۱ مئی ۱۹۲۰ء