کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 502
مولانا محمد اسحاق آروی
(وفات: ۱۳۶۹ھ)
مولانا محمد اسحاق آروی جید عالم دین اور کثیر الدرس مدرس تھے۔ ان کا شمار ان جلیل المرتبت مدرسین میں ہوتا ہے جن کی پوری زندگی خدمتِ تدریس سے معمور رہی۔ مختلف اساتذہ سے استفادے کے بعد ’’مدرسہ احمدیہ‘‘ آرہ میں داخل ہوئے اور یہاں مولانا عبد النور مظفر پوری، مولانا عبد الرحمن مبارک پوری اور مولانا حافظ عبد اللہ محدث غازی پوری سے اکتسابِ علم کیا۔ سند و اجازئہ حدیث شیخ الکل سیّد نذیر حسین محدث دہلوی سے بھی حاصل ہوا۔[1] مولانا اسحاق، حضرت میاں صاحب محدث دہلوی کے دورِ آخر کے تلامذہ میں سے ہیں ۔
تکمیلِ علم کے بعد ان کی پوری زندگی فرائضِ تدریس انجام دیتے ہوئے گزری۔ مختلف مدارسِ دینیہ میں تدریس کے فرائض انجام دیے جن میں ’’مدرسہ احمدیہ‘‘ آرہ، ’’مدرسہ دار الہدیٰ‘‘ تانتی باغ کلکتہ، ’’دار العلوم احمدیہ السلفیہ‘‘ دربھنگہ، ’’الجامعۃ التبلیغیہ نجم الہدیٰ‘‘ امتلہ، مرشد آباد وغیرہا شامل ہیں ۔
مولانا آروی بنیادی طور پر ایک مدرس تھے۔ انھوں نے تکمیلِ علم کے بعد اپنی پوری زندگی نشرِ علم کے لیے وقف رکھی۔ طلابِ علم کی ایک بڑی تعداد ان سے مستفید ہوئی۔ جن میں :
1 مولانا عبید اللہ محدث رحمانی مبارکپوری 2 مولانا شمس الحق سلفی دربھنگوی
3 مولانا عین الحق سلفی دربھنگوی 4 مولانا عبد الظاہر سلفی مدھوبنی
5 مولانا شفیع احمد سلفی چمپارنی 6 مولانا عمیس اختر سلفی
7 مولانا عبد الخالق جوہرؔ دربھنگوی 8 مولانا حکیم عبد الرحمن وفاؔ عظیم آبادی
9 ڈاکٹر عبد الحفیظ سلفی 10 مولانا ابو المرتضیٰ عصمت اللہ مؤی
[1] مجلۃ الجامعۃ السلفیۃ (بنارس)، عدد خاص: بمؤتمر الدعوۃ و التعلیم، فبرایر۔ مایو ۱۹۸۰ء (ص: ۲۶۰)