کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 438
مولانا حافظ ضیاء الدین شکرانوی مولانا حافظ حکیم ضیاء الدین بن رفیع الدین محدث شکرانوی عالم، حافظ اور طبیب تھے۔ شکرانواں میں ولادت ہوئی۔ حفظِ قرآن کریم کے بعد کتبِ درسیہ کی تحصیل اپنے عالی مرتبت والدِ گرامی مولانا رفیع الدین شکرانوی سے کی۔ اس کے بعد حدیث و تفسیر کی تحصیل کے لیے دہلی میں استاذ الکل سید نذیر حسین دہلوی کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان سے کسبِ علم کیا۔ مولانا نے طب کی تحصیل بھی کی۔[1] افسوس مولانا کے تفصیلی حالات نہیں مل سکے۔ ان کے ایک صاحبزادے مولانا عبدالحسیب تھے جو جید عالم اور عربی کے فاضل تھے، مگر عین عالمِ شباب میں ۴ ذیقعدہ ۱۳۴۴ھ بمطابق ۱۹۲۶ء میں وفات پائی۔[2] 
[1] الحیاۃ بعد المماۃ (ص: ۳۴۳) [2] ہفت روزہ ’’اہلِ حدیث‘‘ (امرتسر) ۲۸ مئی ۱۹۲۶ء