کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 435
مولانا عبدالرحمان اوگانوی
’’اوگانواں ‘‘ عظیم آباد (حال ضلع نالندہ) کے اطراف میں سادات و شیوخِ عرب کی مشہور بستی ہے۔ یہاں میاں صاحب کے دو تلامذہ کرام سے ہمیں آگہی ہو سکی۔ پہلی شخصیت مولانا ابو المجد عبدالصمد اوگانوی کی ہے جو مولانا مسعود عالم ندوی کے نانا بزرگوار تھے، جنھوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ دانا پور میں گزارا۔ کتاب ہذا میں ان کے حالات علمائے داناپور کے ذیل میں گزر چکے ہیں ۔ اوگانواں میں حضرت سید میاں نذیر حسین دہلوی کے دوسرے تلمیذِ رشید مولانا عبدالرحمان اوگانوی تھے۔
مولانا عبدالرحمان اوگانوی حضرت میاں صاحب محدث دہلوی کے ان متعدد تلامذہ کرام میں سے ایک ہیں جن کے تفصیلی حالات نہیں ملتے، ان کی سنینِ ولادت و وفات اور کسبِ علم کے مختلف مراحل سے بھی آگاہی نہیں ہوتی۔ ’’الحیاۃ بعد المماۃ‘‘ میں سید نذیر حسین محدث دہلوی کے تلامذہ کی فہرست میں ان کا نام ۸۴ ویں نمبر پر مرقوم ہے۔
تکمیلِ علم کے بعد سٹی سکول لودی کٹرہ پٹنہ میں ہیڈ مولوی کی حیثیت سے فرائض انجام دینے لگے۔ نومبر ۱۹۰۰ء میں جب عظیم آباد میں ’’ندوۃ العلماء‘‘ کا شاندار جلسہ منعقد ہوا تو مولانا بھی اس میں شریک ہوئے تھے۔[1]
[1] مختصر کیفیت جلسہ ہفتم ندوۃ العلماء واقع عظیم آباد پٹنہ (ص: ۴۳)