کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 418
مولانا سعادت حسین بہاری (وفات: ۱۸ جمادی الاخریٰ ۱۳۶۰ھ/ ۱۴ جون ۱۹۴۱ء) شمس العلماء مولانا سعادت حسین بن رحمت علی بن غلام علی بہاری اپنے عہد کے جید معقولی عالم اور کثیر الدرس مدرس تھے۔ انھوں نے مدرسہ عالیہ کلکتہ میں تدریس کے فرائض انجام دیے جہاں سے بے شمار طلابِ علم نے ان سے استفادۂ علمی کیا۔ خاندانی پسِ منظر: مولانا سعادت حسین بہار کی ملک برادری سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ولادت: مولاناکی ولادت اپنے آبائی وطن موضع کہٹہ (اطراف عظیم آباد، حال ضلع نالندہ) میں ۱۲۵۸ھ میں ہوئی۔ کسبِ علم کے لیے شدّ رِحال: مولانا نے ابتدائی تعلیم اپنے اطراف کے علما سے حاصل کرنے کے بعد جون پور، لکھنؤ، رام پور اور دہلی کی طرف طلبِ علم کے لیے شدّ رِحال کیا۔ اکثر کتبِ متداولہ مفتی محمد یوسف لکھنوی سے پڑھیں ۔ اس کے بعد دہلی میں شیخ الکل سیّد نذیر حسین دہلوی کی خدمت میں تشریف لے گئے اور ان سے کتبِ تفسیر و حدیث کی تحصیل فرما کر ۱۲۸۲ھ میں سندِ فراغ حاصل کی۔ مولانا فضل رحمن گنج مراد آبادی کی خدمت میں بھی تشریف لے گئے تھے۔ مولانا فضل حسین بہاری لکھتے ہیں : ’’جناب مولوی سعادت حسین صاحب مولانا شاہ فضل رحمن صاحب قدس سرہ گنج مراد آبادی