کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 341
مولانا سیّد عبد الکبیر بہاری
(وفات: ۸ رمضان المبارک ۱۳۳۱ھ/ ۱۱ اگست ۱۹۱۳ء)
مولانا سید عبد الکبیر بن تفضل حسین بہاری جید عالمِ دین اور بے لوث مبلغ و داعی تھے۔ مولانا محمد سعید بنارسی کے تلمیذِ خاص اور ان کے دینی و علمی کاموں میں معاونِ خاص تھے۔ انھوں نے اپنے وطن سے دور بنارس میں اپنی زندگی کا بیشتر حصہ اپنے استاد مولانا سعید بنارسی کے ساتھ گزارا۔ ان کے مدرسے، ان کے مطبع کا انتظام سنبھالا اور ان کے خانوادے کی دیکھ بھال کی، تاہم اپنے آبائی وطن سے تعلق برقرار رکھا۔ بہار ہی ان کا مولد تھا اور بہار ہی ان کا مدفن بنا۔
نام و نسب اور خاندانی پسِ منظر:
مولانا کا اصل نام کبیر الدین تھا جو بعد میں عبد الکبیر ہو گیا۔ مشہور روایت کے مطابق نسباً فاطمی تھے۔ والدِ گرامی سیّد تفضل حسین کا تعلق سلیم پور ہرگانواں سے تھا جو عظیم آباد (موجودہ ضلع نالندہ) کے اطراف میں واقع ہے۔ مولانا کے نانا سیّد نادر علی قصبہ مان پور (نالندہ) سے تعلق رکھتے تھے۔
ولادت اور ابتدائی حالات:
مولانا کی ولادت تقریباً ۱۲۸۰ھ میں بازید پور کھوڑیا میں ہوئی جو عظیم آباد (موجودہ ضلع نالندہ) کے اطراف میں واقع ہے۔ زمانۂ شیر خوارگی ہی میں والدئہ مکرمہ نے وفات پائی۔ کچھ بڑے ہوئے تو والد مفقود الخبر ہو گئے۔ والدہ کے سایۂ عاطفت سے تو محروم ہو ہی چکے تھے، والد بھی دنیا کی بھیڑ میں گم ہو گئے، لہٰذا مولانا کی پرورش ان کے ننھیال قصبہ مان پور میں ہوئی اور نانی نے اپنے تئیں بڑے ناز و نعم سے پالا۔
اکتسابِ علم کے مراحل:
مولانا کے ایک ماموں مولانا محمد حاذق تھے جو ان کے ہم عمر ہی تھے۔ انھیں کی معیت میں