کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 340
مولانا عبدالحکیم بہ پوری منیری (وفات: ۲۱ رمضان المبارک ۱۳۲۹ھ/ ستمبر ۱۹۱۱ء) مولانا عبدالحکیم بسملؔ بن عظمت اﷲ بہ پوری منیری عالم، شاعر اور عدالت میں مختار تھے۔ ان کے والد مولانا عظمت اﷲ اپنے اطراف کے نامور مدرس تھے۔ مولانا عبدالعزیز رحیم آبادی نے بھی کتبِ درسیہ کی بعض کتابیں مولانا عظمت اﷲ سے پڑھی تھیں ۔ بہ پورہ، منیر سے متصل ایک چھوٹا سا موضع ہے، جس میں مولانا عبدالحکیم کی سکونت تھی۔ مولانا عبدالحکیم نے ابتدائی تعلیم اپنے والد سے حاصل کی، بعض دیگر اساتذۂ علم سے بھی استفادہ کیا، جن کے اسمائے گرامی سے آگاہی نہ ہو سکی۔ مولانا عبدالحکیم کو سید میاں نذیر حسین دہلوی سے بھی شرفِ تلمذ حاصل تھا۔ مولانا کو شاعری سے بڑی رغبت تھی، اردو اور فارسی میں فکرِ سخن کرتے۔ بسملؔ تخلص تھا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی منظوم سیرت ’’گلدستہ شفاعت‘‘ لکھی تھی۔ یہ کتاب ۱۳۲۳ھ میں طبع ہوئی۔ مولانا عبدالحکیم نے ۲۱ رمضان المبارک ۱۳۲۹ھ بمطابق ستمبر ۱۹۱۱ء بروز جمعۃ المبارک وفات پائی۔[1] 
[1] مولانا عبدالحکیم بہ پوری منیری کے حالات کے لیے ملاحظہ ہو: کلیاتِ فخر (ص: ۱۱۰، ۲۰۰)