کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 319
مولانا حکیم وحید الحق استھانوی (وفات: ۱۳۱۵ھ) مولانا حافظ حکیم سیّد وحید الحق استھانوی اپنے عصر کے جید عالم و مدرس تھے۔ ان کی بے لوث دینی خدمت کی زندہ یادگار ’’مدرسہ اسلامیہ‘‘ (بہار شریف) آج بھی موجود ہے۔ استھانواں : استھانواں موجودہ ضلع نالندہ کی معروف بستی ہے۔ مولانا سیّد محمد احسن استھانوی لکھتے ہیں : ’’استھانواں ، یہ شرفاء و سادات کی قدیم بستی بہار شریف ضلع پٹنہ کے پورب صرف تین کوس پر واقع ہے، اور معزز ذی علم باشندوں کے باعث اطراف بہار میں ممتاز و معروف رہی ہے۔‘‘[1] اِس وقت استھانواں ضلع نالندہ کا حصہ ہے۔ مولانا ابو الحسنات عبد الشکور ندوی لکھتے ہیں : ’’استھانواں ، مولانا حافظ وحید الحق صاحب مرحوم کا وطن ہے۔ تلامذہ کی جماعت کثیر کے علاوہ آپ کے علمی فیض کی زندہ یادگار مدرسہ اسلامیہ بہار ہے جو آج تک اس دیار و اطراف کے لیے سرچشمۂ علوم کا کام دیتا ہے۔‘‘[2] استھانواں سے تعلق رکھنے والے حضرت میاں صاحب دہلوی کے تین تلامذہ کا ذکر ملتا ہے: مولانا وحید الحق استھانوی، مولانا بشارت کریم استھانوی ثم دیسنوی اور مولانا محمد احسن استھانوی۔ کسبِ علم: مولانا وحید الحق کی ولادت استھانواں میں ہوئی۔ یہیں ان کی تعلیم و تربیت کا آغاز ہوا۔
[1] احسن البیان فی خواص القرآن (مقدمہ) [2] ہندوستان کی قدیم اسلامی درس گاہیں (ص: ۳۸)